news
English

پی ایس ایل: نمائشی میچ کی تیاریاں مکمل، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے جانے والے نمائشی میچ کے لئے انتظامات کاسلسلہ جاری ہے جبکہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ سے کھلاڑیوں کی واپسی کا عمل بھی تقریبا مکمل ہوگیا ہے۔

پی ایس ایل: نمائشی میچ کی تیاریاں مکمل، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

تفصیلات کے مطابق 13 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل 8 سے قبل کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں لیگ کی دو معروف ٹیموں گلیڈی ایٹر اور پشاور زلمی کے درمیان اتوار کو نمائشی میچ کھیلا جائے گا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل، عثمان قادر، محمد حارث اور اسامہ میر سمیت دیگر کھلاڑی کوئٹہ پہنچ گئے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑی جمعہ کی شب شاہین شاہ آفریدی کی شاہد آفریدی کی صاحبزادی سے نکاح کی تقریب میں شرکت کے بعد کوئٹہ پہنچیں گے جس میں کپتان بابراعظم بھی شامل ہیں۔

 پاکستان کرکٹ کے بڑے نام شاہد آفریدی بھی اس میچ میں ایکشن میں دیکھائی دیں گے، اس کے علاوہ پی سی بی کےچیف سلیکٹر ہارون رشید بھی کوئٹہ پہنچ گئے ہیں جبکہ امپائرز پینل میں شامل علیم ڈار اور آصف یعقوب کے ساتھ کمنٹری پینل کے ارکان نے بھی کوئٹہ کا رخ کرلیا ہے۔

دوسری جانب صوبائی حکومت کی جانب سے انتظامات کاسلسلہ زوروشور کے ساتھ جاری ہے،اس سلسلے میں سیکورٹی کے سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

 واضح رہے کہ نمائشی میچ کے ٹکٹ ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوچکے ہیں جن کی قمیت صرف20 روپے مقرر کی گئی تھی۔