news
English

’راشدکی عدم موجودگی، شاہین کی ناقص کپتانی کے باعث قلندرزمشکلات کاشکار‘‘ 

سابق کرکٹر نے شاہین آفریدی کی کپتانی پر لب کشائی کردی۔

’راشدکی عدم موجودگی، شاہین کی ناقص کپتانی کے باعث قلندرزمشکلات کاشکار‘‘ 

لاہور قلندرز کے اسکواڈ کا حصہ رہنے والے سابق کرکٹر اظہرعلی نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ 
مقامی اسپورٹس چینل پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان اظہرعلی نے کہا کہ لیگ اسپنر راشد خان کی عدم موجودگی اور شاہین آفریدی کی ناقص کپتانی کی وجہ سے لاہور قلندرز کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔ 
انہوں نے کہا مجھے لگتا ہے کہ افغان اسپنرراشد خان کی عدم موجودگی کے باعث لاہور قلندرز کی بولنگ اور شاہین آفریدی کی کپتانی بےنقاب ہوچکی ہے کیونکہ مڈل اوورز میں انہیں رنز روکنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں جو افغان اسپنر کی خوبی تھی۔
اظہر علی نے کہا کہ ملتان سلطانز کیخلاف میچ کے دوران بولرز نے نئے آنے والے بلے باز افتخار احمد کو ٹانگوں پر گیندیں کروائیں جبکہ فائن لیگ کا فیلڈر اوپر تھا اور رنز لیک کیے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بولر اور کپتان کے درمیان کوئی ہم آہنگی نہیں تھی۔  
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دیکر ایونٹ میں مسلسل تیسری فتح اپنے نام کی تھی جبکہ دفاعی چیمپئین اب تک ایونٹ میں ایک بھی فتح حاصل کرنے میں ناکام ہے۔