news
English

پی ایس ایل9: ’’بابراعظم میں کپتانی صلاحیت نہیں‘‘ عبدالرزاق

بطور کرکٹر بابراعظم جس ٹیم کا حصہ ہوں گے ٹیم کے لئے فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں، عبدالرزاق

پی ایس ایل9: ’’بابراعظم میں کپتانی صلاحیت نہیں‘‘ عبدالرزاق

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ بابراعظم میں کپتانی کی صلاحیت نہیں، انہیں قیادت کے فرائض نہیں سنبھالنے چاہئیں۔ 
مقامی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ کراچی کنگز کیخلاف میچ میں کیرون پولارڈ کے سامنے تجربہ کار بولرز کو بولنگ کیلئے لانا چاہیے تھا، انہیں دنیا بھر میں لیگز کھیلنے کا تجربہ ہے لیکن بابر نے نوجوان بولر کو گیند دی جس نے میچ کا رخ تبدیل کردیا۔ 
انہوں نے کہا کہ پولارڈ ایسے بلے باز ہیں جو ٹی20 فارمیٹ کے آخری 3 اوورز میں 60 رنز بھی بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔  
عبدالرزاق نے کہا کہ بابر کے اندر کپتانی کی صلاحیت نہیں ہے، انہیں کپتان نہیں ہونا چاہیے البتہ بطور کرکٹر وہ جس ٹیم کا حصہ ہوں گے ٹیم کیلئے فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں۔  
بابراعظم کی قیادت میں پشاور زلمی کو رواں سیزن میں لگاتار تیسری شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے، بابر بطور بیٹر کامیاب رہے ہیں لیکن ان کی ٹیم ابھی تک پی ایس ایل کے رواں ایڈیشن میں کوئی میچ جیتنے سے قاصر رہی ہے۔ 
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں کی شکست سے دوچار کیا تھا۔