news
English

پی ایس ایل 9: کیا لاہور قلندرز پلے آف میں کوالیفائی کرسکےگی؟

پے در پے 6 میچ ہارنے کے بعد اگلے مرحلے میں جانا قلندرز کے لیے اتنا آسان نہیں ہوگا۔

پی ایس ایل 9: کیا لاہور قلندرز پلے آف میں کوالیفائی کرسکےگی؟

پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اب تک اپنے تمام چھ میچ ہار چکی ہے، اگلے مرحلے میں پہنچنے کا انحصار بقیہ میچز جیتنے کے ساتھ دوسرے میچوں میں بھی اپنے حق میں سازگار نتائج پر ہوگا۔ 
تفصیلات کے منطابق دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا سفر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے جاری سیزن میں اپنے تمام چھ میچوں میں شکست کھانے کے بعد ختم ہونے کے دہانے پر ہے۔ فی الحال پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے موجود دو بار کی چیمپئن ٹیم کا مقابلہ 2 مارچ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بابر اعظم کی قیادت میں پشاور زلمی سے ہونا ہے۔ لاہور کو پلے آف کی دوڑ میں رہنے کے لیے باقی چاروں میچوں میں فتح حاصل کرنا ہوگی جس میں کل آٹھ پوائنٹس ہوں گے، تاہم اگلے مرحلے میں جانا قلندرز کے لیے اتنا آسان نہیں ہوگا کیونکہ ان کا انحصاردوسرے میچوں میں بھی سازگار نتائج پر ہوتا ہے۔ عام طور پر فائنل فور تک پہنچنے کے لیے کم از کم دس پوائنٹس درکار ہوتے ہیں جو اب لاہور کی پہنچ سے باہر نظر آتا ہے۔ پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک مثال ایسی ہے جب اسلام آباد یونائیٹڈ 2022ء کے سیزن میں آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہنے میں کامیاب رہی اور پلے آف میں اپنی جگہ مستحکم کی۔ 
چیلنجنگ منظر نامے کے باوجود قلندرز نے امید برقرار رکھی ہے کیونکہ کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی نے ابھی تک اپنے کوٹے کے چھ میچ نہیں کھیلے ہیں، اگر ان ٹیموں کو اگلے میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو آگے بڑھنے کے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں لیکن لاہورقلندرز کو اپنے سارے میچوں میں کامیابیاں حاصل کرنی ہوں گی۔ اپنے ساتویں میچ میں ایسا کرنے میں ناکام رہنے کے نتیجے میں وہ مقابلے سے باہر ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ لاہورقلندرز کے پی ایس ایل 9 کے باقی میچز میں 2 مارچ کو پشاور زلمی کے ساتھ مقابلہ ہوگا،6 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ سے، 9 مارچ کو کراچی کنگز اور 10 مارچ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ پنجہ آزمائی کرے گی۔