news
English

پی ایس ایل 9: سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ پر دروازے مکمل بند  

آئندہ برس ایونٹ کی یو اے ای منتقلی سمیت دیگر امور پر کل بات چیت ہوگی۔

پی ایس ایل 9: سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ پر دروازے مکمل بند  

سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ پر پی ایس ایل  کے دروازے مکمل طور پر بند ہوگئے جب کہ آئندہ برس کسی فرنچائز کو جوا کمپنیوں کی تشہیر کی اجازت نہیں ہو گی۔ 
پاکستانی کرکٹ میں چند برس قبل سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ شروع ہوئی، بیرون ملک قائم جوئے کی کمپنیوں نے اپنے نام میں معمولی تبدیلی کر کے انٹری کی، زیادہ تر نے نیوز کا کوور استعمال کیا، میڈیا پر نشاندہی کے باوجود حکام نے کوئی نوٹس نہ لیا۔ 
پی ایس ایل 8 میں سوائے پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے تمام ہی فرنچائزز کے اسپانسرز میں سروگیٹ کمپنیز شامل تھیں، جب ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے اختتامی مراحل کے ایک میچ میں اپنی شرٹ پر اسپانسر لوگو کو چھپا دیا تو معاملہ بڑھ گیا، حال ہی میں حکومت کی جانب سے سروگیٹ ایڈورٹائزنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ 
اس کا نوٹیفکیشن جاری ہوا تو پی سی بی کے ترجمان نے میڈیا کے استفسار پر کہا کہ ہمیں ہدایت نہیں ملی صرف مشورہ دیا گیا ہے، معاملے پر مزید غور کریں گے، اس کے بعد زیرو ٹالیرنس کا نیا حکومتی ٹوٹیفکیشن آنے سے ابہام ختم ہو گیا۔ 
پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس منگل کو لاہور میں ہو رہا ہے، اس کے ایجنڈے میں سروگیٹ ایڈورٹائزنگ بھی شامل ہے، فرنچائزز کو حکومتی ہدایات کی روشنی میں اس سے باز رہنے کی ہدایت دی جائے گی، انھیں حکومتی نوٹیفکیشن کی کاپی بھی بھیجی گئی ہے، بعض فرنچائزز نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس پر سروگیٹ کمپنیز کے لوگو ہٹا بھی دیے ہیں۔ 
میٹنگ میں نویں ایڈیشن کے وینیو اور تاریخوں کو بھی حتمی شکل دی جائے گی،مجوزہ تاریخیں 8 فروری سے 24  مارچ تک ہیں جبکہ ملک میں 8 فروری کو ہی عام انتخابات کی وجہ سے بعض فرنچائزز اور بورڈ آفیشلز لیگ کا یو اے ای میں انعقاد چاہتے ہیں، منگل کی میٹنگ میں پلیئرز ڈرافٹ کی تاریخ اور میڈیا رائٹس کے حوالے سے بھی بات چیت ہوگی۔