news
English

پی ایس ایل 9: لاہور قلندرز اپنا پانچواں میچ بھی ہار گئے، زلمی 8 رنز سے کامیاب  

لاہور قلندرز کی ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک 5 میچز کھیل چکی ہے اور پانچوں میں اسے شکست ہوئی ہے۔

پی ایس ایل 9: لاہور قلندرز اپنا پانچواں میچ بھی ہار گئے، زلمی 8 رنز سے کامیاب  

ایچ بی ایل، پاکستان سپر لیگ 9 کے 12 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 8 رنز سے شکست دے دی۔ 
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے 212 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بناسکے۔ رسی وین ڈیر ڈوسن 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کے باوجود ٹیم کو فتح نہ دلاسکے۔ 
لاہور قلندرز کی یہ ٹورنامنٹ میں مسلسل پانچویں شکست ہے جبکہ پشاور زلمی اپنا دوسرا میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی اوپننگ جوڑی اچھا آغاز فراہم نہ کرسکی۔ صاحبزادہ فرحان 15 اور فخر زمان صرف 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 
رسی وین ڈیر ڈوسن نے چھ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 52 گیندوں پر 104 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے تاہم ان کے علاوہ لاہور قلندرز کا کوئی بلے باز کریز پر جم کر نہ کھیل سکا۔ 
شائی ہوپ 29، احسن حفیظ 20، جہانداد خان 13 اور سکندر رضا صرف 1 رن بناکر ہمت ہار گئے، کارلوس براتھویٹ 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 
پشاور زلمی کی طرف سے نوین الحق نے 2، لوک ووڈ، پال والٹر اور سلمان ارشاد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
قبل ازیں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ 
پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔ اوپنر بابراعظم اور صائم ایوب نے ٹیم کو 136 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ 
صائم ایوب نے 55 گیندوں پر 88 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ 
بابراعظم نے 48 اور روومن پوویل نے 46 رنز بنائے۔ آصف علی 6 رنز بناسکے جبکہ محمد حارث 12 اور پال والٹر 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 
لاہور قلندرز کی طرف سے شاہین آفریدی نے 3 اور جہانداد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔  
لاہور قلندرز ٹورنامنٹ میں اب تک 5 میچز کھیل چکی ہے اور پانچوں میں اسے شکست ہوئی ہے۔ دوسری جانب پشاور زلمی اب تک اپنے چار میچز کھیل چکی ہے جس میں سے دو میں فتح حاصل ہوئی اور دو میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ 
پشاور زلمی کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچز میں شکست ہوئی تھی جبکہ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کیخلاف ہونیوالے میچز میں کامیابی ملی۔ 
پشاور زلمی کا اسکواڈ: 
صائم ایوب، بابر اعظم (کپتان)، محمد حارث، حسیب اللہ خان، روومین پاول، پال والٹر، آصف علی، لیوک ووڈ، نوین الحق، عارف یعقوب، سلمان ارشاد۔ 
لاہور قلندرزکااسکواڈ: 
فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، رسی وین ڈیر ڈوسن، شائی ہوپ، سکندر رضا، احسن بھٹی، کارلوس براتھویٹ، جہانداد خان، شاہین آفریدی (کپتان)، محمد عمران، زمان خان۔