news
English

تیسری بار پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتنے کا عزم ہے، فخرزمان

پی ایس ایل 9: لاہور قلندرز کی جانب سے میں اوپننگ ہی کروں گا، فخر زمان  

تیسری بار پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتنے کا عزم ہے، فخرزمان

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی فرنچائز لاہور قلندرز کے اوپننگ بیٹر فخر زمان کا کہنا ہے کہ میری سب سے بڑی خواہش ہے کہ پی ایس ایل میں اوپننگ ہی کروں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ پی ایس ایل سیزن 9 کے لیے تیاری اچھی چل رہی ہے،کیمپ اس لیے لگتا ہے کہ جو نئے کھلاڑی آتے ہیں ان کے ساتھ مل لیں، دو بار ٹائٹل جیت رکھا ہے، ذہن میں یہی ہے کہ ہیٹ ٹرک کریں اور اس کا پریشر بھی ہو گا، کوشش کریں گے کہ جس طرح ہم بطور ٹیم گزشتہ 2 سیزنز میں کھیلے ہیں ویسے ہی اس سیزن میں بھی کھیلیں۔ 
فخر زمان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور اورکراچی کا ٹاکرا ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ہوتا ہے اور یہی کھیل کی خوبصورتی ہے، ٹائٹل جیتنے کے باوجود کراچی سے ہارنے پر کھلاڑی بھی آپس میں بات چیت کرتے ہیں، کراچی والے لیگز کے کافی میچ جیتے مگر ہم ٹائٹل جیت گئے، جس کی بہت زیادہ خوشی ہوئی۔ 
پی ایس ایل 9 کے لئے افغان اسپنر راشد خان کی غیر موجودگی کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے فخر زبان کا کہنا تھا کہ اگر میں کہوں کہ راشد خان کے نہ ہونے سے نقصان نہیں ہو گا تو یہ غلط ہوگا، راشد خان دنیا کا بہترین بولر ہے، اس کا کوئی نعم البدل نہیں، تاہم اسپنر کی کمی پوری کرنے کی کوشش کریں گے۔
فخر زمان نے مزید کہا کہ انڈر19 ٹیم میں پاکستان کے تینوں فاسٹ بولرز بہت اچھے تھے، دیکھنا یہ ہوگا کہ اب وہ اگلے 3 سے 4 سال تک خود کو کیسے رکھتے ہیں، پی ایس ایل میں میرا ہدف ہے کہ بہترین بیٹر بنوں اور ہماری ٹیم ایک بار پھر ٹائٹل جیتے۔