news
English

پی ایس ایل9: ملتان سلطانزاوراسلام آباد یونائیٹڈ آج فائنل میں پنجہ آزمائیں گی

پی ایس ایل 9 فائنل: ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان آخری میچ آج نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل9: ملتان سلطانزاوراسلام آباد یونائیٹڈ آج فائنل میں پنجہ آزمائیں گی

پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے کوالیفائرمیچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل کےلئے کوالیفائی کرلیا۔ جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ایلیمنیٹر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے عمادوسیم اور حیدر علی کی سنسنی خیز پارٹنرشپ کے باعث فتح حاصل کی۔ 
اس میچ میں قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عمادوسیم نے 59 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔ 
نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کا 147 رنز کا ہدف ملتان سلطانز نے 18.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ 
ملتان سلطانز مسلسل چوتھی بار ایونٹ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ اس سے قبل ملتان نے 2021، 2022 اور 2023 میں بھی پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی، تاہم حتمی معرکہ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی تھی۔ 
ملتان سلطانز کی اننگز:

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز یاسر خان اور محمد رضوان نے کیا تاہم 8 ویں اوور میں 61 کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان 15 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 
ملتان کی دوسری وکٹ 84 رنز کے مجموعی اسکور پر یاسر خان کی صورت میں گری جنہوں نے 37 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔ جانسن چارلس 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عثمان خان 36 اور افتخار احمد 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 
 پشاور زلمی کے عامر جمال، سلمان ارشاد اور مہران ممتاز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
پشاور زلمی کی اننگز: 
قبل ازیں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز صائم ایوب اور بابراعظم نے کیا تاہم صائم ایوب صرف 1 رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 51 کے مجموعی اسکور پر محمد حارث 22 رنز پر چلتے بنے جس کے بعد حسیب اللہ بھی محض 3 رنز بنانے کے بعد 57 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ 14 ویں اوور میں بابراعظم 46 رنز بناکر ہمت ہار بیٹھے۔ ٹام کوہلر 24 اور روومین پاول 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پال والٹر اور لیوک ووڈ 14، 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
ملتان سلطانز کی طرف سے اسامہ میر اور کرس جورڈن نے 2، 2 جبکہ عباس آفریدی، محمد علی اور ڈیوڈ ولی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
واضح رہے کہ پی ایس ایل فائنل میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں پنجہ آزمائیں گی۔ 
دونوں ٹیموں کے اسکواڈ:

ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان اور وکٹ وکیپر)، یاسر خان، عثمان خان، جانسن چارلس، افتخار احمد، خوشدل شاہ، کرس جورڈن، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد علی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکواڈ:
ایلکس ہیلز، مارٹن گپٹل، آغا سلمان، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان (وکٹ)، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، حنین شاہ، عبید میک کوئے۔