news
English

پی ایس ایل 9 : منافع اور نقصان کی تفصیلات سامنے آگئیں

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پلے آف میچز اور فائنل معرکہ کم منافع بخش ثابت ہوئے۔

پی ایس ایل 9 : منافع اور نقصان کی تفصیلات سامنے آگئیں

کیا کمایا، کیا گنوایا۔۔۔۔۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن سے والے منافع اور نقصانات کی ابتدائی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔ 
 ذرائع کے مطابق پی ایس ایل سے حاصل ہونے والی مجموعی طور پر سینٹرل انکم پول میں 7 ارب روپے سے زائد رقم جمع ہوگی، ہر فرنچائز کے حصے میں 98 کروڑ روپے سے زائد رقم آئے گی، البتہ کھلاڑیوں کے معاوضے، ہوٹل میں قیام، ائیر ٹکٹنگ وغیرہ کے اخراجات 55سے60 کروڑ روپے تک کے ہوں گے، ہر ٹیم کا الگ حساب ہوگا، اس کے بعد جب فرنچائز فیس منہا کریں تو کئی ٹیمیں خسارے میں چلی جائیں گی۔ 
فرنچائز کو اپنی اسپانسر شپ سے بھی ٹیموں کو رقم حاصل ہوگی، کم از کم 3 ٹیمیں منافع حاصل کریں گی جبکہ ملتان سلطانز سمیت دیگر فرنچائزز کو نقصان ہوگا۔ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کو بھی خسارے کا سامنا ہوسکتا ہے، البتہ اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کو منافع ہوگا۔ راولپنڈی میں 2 میچز بارش کی نذر ہونے اور کراچی میں کم کراؤڈ کے سبب 17 فیصد تک خسارہ ہوا جو 10 کروڑ روپے تک بنتا ہے، ڈالرز کے بڑھتے ریٹ کی وجہ سے پلیئرز کی تنخواہوں کی رقوم بھی 37 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہیں۔ پی سی بی کو ابھی بعض اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے واجب الادا رقوم کا انتظار ہے، بعدازاں اکاؤنٹس کو حتمی شکل دی جائے گی۔ 
ذرائع کے مطابق اس بار ٹکٹنگ سے 17 فیصد کم رقم حاصل ہوئی، اس مد میں تقریباً 10 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، ایونٹ سے قبل بیشتر فرنچائزز نے پی سی بی سے درخواست کی تھی کہ کراچی سے آغاز کرتے ہوئے لاہور میں اختتام کریں لیکن حکام نے یہ بات نہ مانی جس کا بعد میں نقصان اٹھانا پڑا۔ اس تلخ تجربے سے سبق سیکھتے ہوئے آئندہ برس ہونے والے پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کے صرف 5 میچز ہی نیشنل اسٹیڈیم میں کروانے کا پلان بنایا گیا ہے۔ 
اس سال ڈالر کی قیمت بڑھنے کی وجہ سے پلیئرز کی تنخواہوں کی رقم بھی بڑھ کر37 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ 
دوسری جانب پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اجلاس رواں ماہ ہی متوقع ہے جس کی صدارت چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کریں گے، اس موقع پر کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد فیصلے کیے جائیں گے۔