news
English

پی ایس ایل 9: کیا صائم ایوب اپنی بولنگ کو بہتر بنانے پرتوجہ دے رہے ہیں؟

صائم ایوب نے بتایا کہ وہ پچھلے دو تین سال سے نیٹ میں بولنگ کی مشق کر رہے ہیں۔

پی ایس ایل 9: کیا صائم ایوب اپنی بولنگ کو بہتر بنانے پرتوجہ دے رہے ہیں؟

پی ایس ایل نائن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے نوجوان کھلاڑی صائم ایوب کا کہنا ہے کہ میرا فوکس بولنگ نہیں ہے بلکہ بیٹنگ ہی میری ترجیح ہے،  پی ایس ایل کے اس سیزن میں بولنگ کا موقع ملا اور خوش قسمتی سے وکٹیں بھی مل گئیں۔
صائم ایوب نے ایک مقامی میڈیا آؤٹ لیٹ سے بات چیت میں بتایا کہ ٹیم میں مجھ سے جو بھی ذمہ داری مانگی جاتی ہے اسے پورا کرنے کی کوشش کرتا ہوں اور اپنی بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کرتا ہوں۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ میرے پاس بولنگ میں کھونے کے لیے کچھ نہیں ہے اس لیے میں نے کھل کر بولنگ کی۔ کرکٹ میں بیٹنگ ترجیح ہونے کے باوجود، صائم ایوب نے اس سیزن میں بولنگ کرنے کے موقع کو اپنایا اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی کے لیے اپنے پاور پلے بیٹنگ کے تجربے پر روشنی ڈالی۔ 
انہوں نے کہا کہ میری توجہ بولنگ نہیں ہے کیونکہ بیٹنگ میری ترجیح ہے لیکن جہاں موقع ملے گا میں بولنگ کے ذریعے بھی اپنی ٹیم کی جیت میں کردار ادا کروں گا۔ 
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے نوجوان بیٹر صائم ایوب کا کہنا تھا کہ لیگ کرکٹ انٹرٹیننگ ہوتی ہے، پی ایس ایل کھیلنے میں ہمیشہ مزہ آتا ہے، آج کل  پشاور زلمی کے ماحول کو انجوائے کررہا ہوں۔ 
صائم ایوب کا کہنا تھا کہ ہمیشہ بولنگ کا خواہشمند تھا کیونکہ آج کل کی کرکٹ میں آل راؤنڈر مفید ہوتے ہیں، نیٹس پر دو تین سال سے بولنگ کر رہا تھا، موقع اب ملا ہے، جو بھی ذمہ داری ملتی ہے اسے 100 فیصد نبھانے کی کوشش کرتا ہوں۔ 
صائم ایوب نے زوردے کر کہا کہ بولنگ میں میرے پاس چونکہ کھونے کو کچھ نہیں ہے اس لیے کھل کر بولنگ کرتا ہوں، اسلام آباد کے خلاف پہلی گیند پر وکٹ کی توقع نہیں کر رہا تھا، مگر پہلی ہی گیند پر وکٹ ملنے سے بے حد خوشی ہوئی، بار بار ایسی گیند نہیں ہوتی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاور پلے میں بیٹنگ کا تجربہ بولنگ کے وقت پلان بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، بیٹر کے انداز سے اندازہ لگا لیتے کہ وہ کیسے کھیلنے والا ہے، پاوور پلے میں بولنگ کرانا بہت چیلنجنگ ہے،جب پہلی مرتبہ نئی گیند سے بولنگ کر رہا تھا تو ڈر لگ رہا تھا لیکن جب پہلا اوور اچھا نکلا تو دل سے ڈر بھی نکلا اور اعتماد ملا، یہاں میں ضرور مینشن کرنا چاہوں گا کہ مجھے اس طرح نئی گیند دینا زلمی کے کپتان بابراعظم کا دلیرانہ فیصلہ تھا۔ 
صائم ایوب نے کہا کہ بابر اعظم سے بہت رہنمائی ملتی ہے، کبھی کبھار بابر جو منع کردیتے ہیں میں وہ بھی کردیتا ہوں، وہ کہتے ہیں کہ رک جاؤ تو میں شاٹ کھیل دیتا اور کبھی وہ شاٹ کا کہتے تو رک جاتا ہوں۔ 
ان کاکہنا تھا کہ بابر اعظم کے ساتھ اوپننگ کرکے مزہ آتا ہے، وہ اکثر پہلے بتا دیتے ہیں کہ بولر کیا کرنے والا ہے جس کا فائدہ ہوتا ہے، بطور کپتان بابر اعظم مجھے کھل کر کھیلنے میں کافی اعتماد دیتے  ہیں۔ 
صائم ایوب کا کہنا تھا کہ پہلی کوشش ٹی ٹوئنٹی میں سنچری تک پہنچنے کی ہے،100، 150 اسکور ہوسکتا ہے اور 200 ہوجائے تو کیا ہی بات ہے،اہم بات اس طریقہ پر فوکس رکھنا ہے جس سے بڑا اسکور ہوسکتا ہے۔