news
English

پی ایس ایل 9 کا ترانہ: علی ظفراور آئمہ بیگ اپنی آواز کاجادوجگانے کو تیار

پی ایس ایل 9 کا باقاعدہ آغاز 17 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

پی ایس ایل 9 کا ترانہ: علی ظفراور آئمہ بیگ اپنی آواز کاجادوجگانے کو تیار

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر اور گلوکارہ آئمہ بیگ ایچ بی ایل، پی ایس ایل (پاکستان سُپر لیگ) کے سیزن 9 کا ترانہ گائیں گے۔ 
ہر سال کی طرح، 2024 کے پی ایس ایل کا میلہ بھی بہت جلد سجنے والا ہے جس میں چند ہی دن باقی ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایونٹ کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ شائقین اس انتظار میں ہیں کہ اس سیزن کا ترانہ کونسے گلوکار کی آواز میں سامنے آئے گا۔ 
شائقین کے انتظار کو ختم کرتے ہوئے گلوکارہ آئمہ بیگ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے ترانے کے حوالے سے اہم خبر سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہے۔ 
آئمہ بیگ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام کی اسٹوری میں ایک خبر شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ “پی ایس ایل کے سیزن 9 کا ترانہ علی ظفر اور آئمہ بیگ گائیں گے”۔
گلوکارہ نے اس خبر کے ساتھ اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں بریکنگ نیوز بھی لکھا جبکہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بھی یہ خبر گردش کررہی ہے۔ 
دوسری جانب ابھی تک علی ظفر نے پی ایس ایل 9 کے ترانے سے متعلق کوئی پوسٹ یا بیان جاری نہیں کیا ہے۔ 

واضح رہے کہ ایچ بی ایل، پی ایس ایل کے ابتدائی تینوں سیزنز کے ترانے علی ظفر نے گائے تھے، 2018 میں ان پر ساتھی گلوکارہ میشا شفیع نے ہراسگی کا الزام لگایا جس سے ان کا کیریئر شدید متاثر ہوا، تب سے انھیں دوبارہ پی ایس ایل کا ترانہ گانے کا موقع بھی نہیں مل پایا، علی ظفر پر اگرچہ الزام ثابت نہیں ہوسکا لیکن ایک داغ لگ گیا جو لاکھ کوشش کے باوجود صاف نہیں ہو سکا۔ 
یاد رہے کہ پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری کو ہوگا، پہلا میچ  لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،  ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 34 میچ کھیلے جائیں گے، پی ایس ایل کا فائنل 18 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔