news
English

پی ایس ایل9: بابراعظم کی سنچری پر محمدعامر کا ردعمل

پاکستانی کرکٹ میں بہتری کے لئے ہمیشہ مثبت تنقید کی، کبھی کسی سے ذاتی ٹکراؤ نہیں رہا، سابق فاسٹ بولر

پی ایس ایل9: بابراعظم کی سنچری پر محمدعامر کا ردعمل

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے پی ایس ایل نائن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں  بابراعظم کی سنچری پر لب کشائی کردی۔ 
کراچی میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر محمد عامرنے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بابراعظم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری بنائی۔ 
انہوں نے کہا کہ بابراعظم نے اپنے مخصوص انداز سے باہر آکر جارحانہ کھیل پیش کیا جس نے انہیں جیت کی امید دلوائی، جس طرح اس نے اپنی یہ اننگز کھیلی اور جو شاٹس اس نے کھیلے وہ زبردست تھے، میں ہمیشہ اس سے کہتا تھا کہ وہ اپنے کمفرٹ زون سے باہر آکر کھیلے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے بہت اچھی علامت ہے کہ اس نے یہ شاٹس تیار کیے ہیں۔
سابق کپتان کے ساتھ اپنے رشتے پر ردعمل دیتے ہوئے محمد عامر نےکہا کہ ٹیم میں جب ہم ساتھ تھے تب بھی ہمارا اچھا رشتہ تھا اور اب بھی ہے۔  
محمد عامر نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ میں بہتری کیلئے ہمیشہ مثبت تنقید کی، کبھی کسی سے ذاتی ٹکراؤ نہیں رہا۔ 
یاد رہے کہ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے پیر کے روز اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف کھیلے گئے میچ میں ناقابل شکست سنچری اسکور کی تھی۔ 
بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر 111 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تھی جس میں 14 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے جبکہ اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 176 سے زائد کا رہا۔  
واضح رہے کہ رواں ایڈیشن میں بابراعظم ٹی20 فارمیٹ میں تیزترین 10 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بنےہیں، انہوں نے 271 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا جبکہ ویسٹ انڈیز کے مایہ نازبلے باز کرس گیل کا ریکارڈ توڑا جنہوں نے 285 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔  
بابر اعظم پی ایس ایل 2024 میں بھی اب تک سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، انہوں نے اب تک کھیلے گئے 5 میچوں میں 80 سے زائد کی اوسط سے 330 رنز بنارکھے ہیں۔۔