پشاور زلمی میں شامل افغان بولر نوین الحق نے اپنی ٹیم کے کپتان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے افغان فاسٹ بولر نوین الحق نے بابراعظم کی کپتانی کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔
نوین الحق نے ایک پوڈ کاسٹ کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران بابراعظم کی کپتانی میں کھیلنے کے تجربے کے بارے میں کھل کر اظہارِخیال کیا۔ انہوں نے بابر اعظم کی کپتانی کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انھیں ’انتہائی پرسکون‘ رہنما اور کُول کیپٹن قرار دیا جو حالات کو سنبھالنے کی اہلیت رکھتا ہے۔
افغانستان کے پیسر کا کہنا تھا میں نے یہی دیکھا ہے کہ وہ بہت ٹھنڈے مزاج کے اور پُرسکون انسان ہیں۔ آپ ہر موقع پر اپنے بولرز یا فیلڈرز کو کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن آپ کو ان کے لیے سیٹ اپ بنانا پڑتا ہے اور بابر کی کپتانی میں یہ سب دیکھا جاسکتا ہے۔
ہم سب ان کی کپتانی میں کھیل سے بہت لطف اندوز ہو رہے ہیں، بابراعظم کے ساتھ بات چیت بہت آسان ہے، ہم دونوں ہی کافی پُرسکون شخصیت کے مالک ہیں اور ہمارے درمیان اب تک کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔
انھوں نے بابراعظم کو میدان میں کُول اور ریلیکس کپتان قرار دیتے ہوئے کہا کہ سخت لمحات کے دوران بھی ان کا رویہ ٹھنڈا رہتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ایک کھلاڑی کے طور پرجب آپ کو میدان میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے یا آپ ہار جاتے ہیں تو اس وقت ایسے لیڈر کی ضرورت ہوتی ہے جو پرسکون رہے اور ٹیم کو یکجا رکھے۔
نوین الحق کا کہناتھا کہ اگر آپ کا کپتان جارحانہ اور ہائپر ہونے لگتا ہے تو پوری ٹیم کے لیے مشکل ہو جاتا ہے۔ ملتان میں بھی میں نے میچ کے بعد دیکھا کہ بابر بھائی بہت پرسکون تھے اور سب کچھ اچھا تھا۔