news
English

پی ایس ایل9: پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان کو ہرادیا  

رواں ٹورنامنٹ میں پشاور زلمی نے دوسری بار ملتان سلطانز کو شکست دی ہے۔

پی ایس ایل9: پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان کو ہرادیا  

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 21 ویں میچ میں پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 4 رنز سے ہرادیا۔ 
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے 204 رنز کے جواب میں ملتان سلطانز 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنا سکی۔ افتخار احمد نے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی لیکن ٹیم کو میچ جتوانے میں ناکام رہے۔ 
محمد رضوان نے 32 رنز بنائے، کرس جورڈن 30، طیب طاہر 26 اور ڈیوڈ ملان 19 رنز بناسکے۔ زلمی کی طرف سے عامر جمال نے 2، نوین الحق اور مہران ممتاز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
قبل ازیں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔ 
پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز صائم ایوب اور بابر اعظم نے کیا۔ دونوں کے درمیان 84 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم صائم ایوب میچ کے چھٹے اوور میں اسامہ میر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ 
صائم ایوب نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 46 رنز بنائے جس میں پانچ چھکے اور اور تین چوکے بھی شامل تھے۔ بابر اعظم 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ حسیب اللہ 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ 
ملتان سلطانز کی طرف سے اسامہ میر نے 3 اور کرس جورڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 
یاد رہے کہ رواں ٹورنامنٹ میں پشاور زلمی نے دوسری بار ملتان سلطانز کو شکست دی ہے۔ اس سے پہلے کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی 5 رنز سے کامیاب ہوئی تھی۔ 
پشاور زلمی کااسکواڈ: 
صائم ایوب، بابر اعظم (کپتان)، ٹام کوہلر-کیڈمور، حسیب اللہ خان (وکٹ کیپر)، روومین پاول، آصف علی، عامر جمال، لیوک ووڈ، نوین الحق، مہران ممتاز، سلمان ارشاد۔ 
ملتان سلطانزکااسکواڈ: 
محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، رضا ہینڈرکس، داؤد مالان، طیب طاہر، افتخار احمد، خوشدل شاہ، کرس جارڈن، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، آفتاب ابراہیم، محمدعلی۔