news
English

پی ایس ایل9: پشاور زلمی اور کراچی کنگز آج مدِ مقابل ہوں گے  

رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے پیشِ نظر آج کے میچ کا ٹاس ساڑھے 8بجے ہوگا اور میچ 9 بجے شروع ہوگا۔

پی ایس ایل9: پشاور زلمی اور کراچی کنگز آج مدِ مقابل ہوں گے  

ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 میں پشاورزلمی اور کراچی کنگز آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں مدِ مقابل ہوں گے۔ زلمی کے بابراعظم اور صائم ایوب ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے جبکہ کنگز کے شعیب ملک سے شائقین کی توقعات بڑھ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9 کا 29 واں میچ آج رات کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا۔ 
رواں سیزن میں دونوں ٹیموں کے گذشتہ مقابلے میں کراچی کنگز نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ اس سے قبل پشاور زلمی کی ٹیم مسلسل فتوحات سمیٹ رہی تھی، اب اس کی نگاہیں کراچی کنگز سے اس کے ہوم گرائونڈ پر بدلہ لینے پر مرکوز ہوں گی۔ 
پشاور زلمی کی ٹیم رواں سیزن میں اپنے 9 میں سے 5 میچز جیت چکی ہے جبکہ 2 میں اسے شکست ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے ایک پوائنٹ ملا، جس کی وجہ سے اس کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 9 ہے۔  
پشاورزلمی کے کپتان بابراعظم بھرپور فارم میں ہیں، رواں سیزن میں انھوں نے سب سے زیادہ 447 رنز 63.85 کی اوسط سے اسکور کیے ہیں، ایک بار پھر توقعات کا زیادہ تر بوجھ ان کے ہی تجربہ کار کندھوں پر ہوگا جبکہ نوجوان بلے باز صائم ایوب بھی توجہ کا مرکز ہوں گے، بولرز میں لیوک ووڈ اور سلمان ارشاد سے کنگز کی بیٹنگ لائن کو نشانہ بنانے کی توقع کی جارہی ہے۔ 
دوسری جانب کراچی کنگز نے اپنے گذشتہ میچ میں شعیب ملک کے آخری گیند پر لگائے گئے چوکے کی بدولت لاہور قلندرز کے خلاف فتح حاصل کی تھی، اس کی اپنے تجربہ کار آل رائونڈر سے توقعات مزید بڑھ گئی ہیں اور آج پشاورزلمی کے خلاف بھی شعیب ملک سے میچ وننگ پرفارمنس کی توقع کی جارہی ہے۔ 
کراچی کنگز کا پی ایس ایل کے سیزن میں سفر زیادہ اچھا نہیں رہا، اس نے اپنے 9 میں سے 4 میچز جیتے اور 5 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گذشتہ میچ میں جیمز ونس قدرے بہتر کھیلے تھےاس لیے ان کے بارے میں توقع کی جارہی ہے کہ کیرون پولارڈ کے ساتھ جیمز ونس اپنی ٹیم کو ایک اور فتح سے ہمکنار کرسکتے ہیں۔