news
English

پی ایس ایل 9: شاداب خان نے شکست کا ذمے دار ڈی آرایس کو قراردے دیا

شاداب خان نے ڈی آر ایس ٹیکنالوجی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی شکست کو اس کی غلطی قرار دیا۔

پی ایس ایل 9: شاداب خان نے شکست کا ذمے دار ڈی آرایس کو قراردے دیا

پی ایس ایل 9 کے اہم میچ میں شاداب خان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں اسلام آباد یونائیٹڈ کی شکست کے بعد کھل کر بات کی اور ڈی آر ایس کو مورد الزام ٹھہرایا۔ 
شاداب خان نے ڈی آر ایس ٹیکنالوجی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اسلام آباد یونائیٹڈ کی شکست کا ذمے دار قرار دیا۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں تین وکٹوں سے میچ ہار گئی جس کے بعد کپتان شاداب خان نے اس شکست کا ملبہ ٹیکنالوجی پر ڈال دیا۔ 
یاد رہے کہ یہ ایونٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی مسلسل دوسری شکست ہے اور تین میچز میں سے وہ صرف ایک ہی میچ جیت پائی ہے۔ 
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیے گئے 139 رنز کے ہدف کو 18.2 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی روسو نے 34 رنز بنانے کے ساتھ دو اہم کیچز بھی لیے جس کے باعث انہیں مین آف دی میچ قراردیا گیا، تاہم میچ کے بعد گفتگو میں شکست پر دلبرداشتہ یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے اس شکست کا ملبہ ٹیکنالوجی پر ڈال دیا اور کہا کہ ڈی آرایس کی وجہ سے ان کی ٹیم کو شکست ہوئی ہے۔ شاداب کے اس بیان کے بعد ٹورنامنٹ میں ایک نئی بحث نے جنم لے لیا ہے۔ 
ہوا کچھ یوں کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کے 11ویں اوور کی آخری گیند پر سوئیپ شاٹ کھیلنے کی ناکام کوشش میں رائلی روسو کو آن فیلڈ امپائر علیم ڈار نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ قراردے دیا۔ تاہم روسو کے ریویو لینے پر بال ٹریکنگ میں امپیکٹ آؤٹ سائیڈ اور ہٹنگ مسنگ کا نتیجہ سامنے آیا اور یوں امپائر کو یہ فیصلہ تبدیل کر کے روسو کو ناٹ آؤٹ قراردینا پڑا۔ 
اس بارے میں شاداب خان نے میچ کے بعد یہ الزام لگایا کہ ہم ٹیکنالوجی کی خرابی کی وجہ سے ہارے ہیں۔ ریویو میں کوئی اور گیند دکھائی گئی۔ میں نے بطور لیگ اسپنر چار اوور کروائے ہیں، تب گیند اتنی نہیں گھوم رہی تھی۔   

انہوں نے مزید کہا کہ اس نے آؤٹ سائیڈ آف اسٹمپ (امپیکٹ) کر دیا اور مسنگ (ہٹنگ) بھی کردیا۔ میرے خیال سے ایسے بڑے ٹورنامنٹ میں ایسا ہونا مایوس کن ہے اور ایسی غلطیاں نہیں ہونی چاہئیں۔