news
English

پی ایس ایل 9 کے چمکتے ستاروں پر ایوارڈز اورانعامات کی بھرمار

ٹورنامنٹ کے اختتام نے نہ صرف اسلام آباد یونائیٹڈ کی اجتماعی صلاحیتوں کو اجاگر کیا بلکہ شاندار انفرادی شراکت کی طرف بھی توجہ دلائی جس نے پورے ٹورنامنٹ میں آپسی مقابلوں میں سنسنی خیزی پیداکی۔

پی ایس ایل 9 کے چمکتے ستاروں پر ایوارڈز اورانعامات کی بھرمار

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 اسلام آباد یونائیٹڈ کی زبردست فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، ایونٹ میں کھلاڑیوں کو مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی پر متعدد انعامات سے نوازا گیا۔ 
پی ایس ایل 9 میں کون سا کھلاڑی کس انعام اور اعزاز کا حقدار قرار پایا، اس کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔ 
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل ٹاکرے کے بعد تقریب تقسیمِ انعامات میں پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں کو مختلف اعزازات و انعامات سے نوازا گیا۔ 
ٹورنامنٹ کے اختتام نے نہ صرف اسلام آباد یونائیٹڈ کی اجتماعی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا بلکہ شاندار انفرادی شراکت کی طرف بھی توجہ دلائی جس نے پورے ٹورنامنٹ میں آپسی مقابلوں میں سنسنی خیزی پیداکی۔ 
پی ایس ایل 9 کا سنسنی خیز میلہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ملکی چیمپئن بننے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ ٹیم اسلام آباد تیسری بار پی ایس ایل کی چیمپئن بنی ہے۔ 
 
چیمپئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز اپنے نام کیا۔ انہوں نے ایونٹ میں بہترین قائدانہ صلاحیتوں کے ساتھ نہ صرف اپنی ٹیم کو تیسری بار پی ایس ایل کا چیمپئن بنوایا بلکہ آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے اس سیزن میں 305 رنز بنائے اور 9 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ 
پی ایس ایل 9 کے فائنل ٹاکرے میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ بنانے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر عماد وسیم فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ انہوں نے پی ایس ایل کی تاریخ میں کسی بھی فائنل معرکے میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے بولر کا اعزاز حاصل کیا۔ 
ٹورنامنٹ کے بہترین بولر ملتان سلطانز کے اسامہ میر قرار پائے۔ انہوں نے ایونٹ میں مجموعی طور پر 24 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں اس کارکردگی پر فضل محمود کیپ سے نوازا گیا۔  
پی ایس ایل 9 میں سب سے زیادہ 569 رنز اسکور کرنے والے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کو حنیف محمد کیپ کا حقدارقرار دیاگیا۔ وہ پی ایس ایل کے تین سیزنز میں 500 سے زائد رنز بنانے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ 
 
ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز کا ایوارڈ ملتان سلطانز کے عثمان خان کے نام رہا۔ انہوں نے 7 اننگز میں 107.5 کی زبردست اوسط سے 430 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا اور ٹورنامنٹ کے دوسرے ٹاپ بلے باز رہے۔ سیزن میں انہوں نے لگاتار دوسنچریاں بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔  
بہترین فیلڈر اور ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے اعزازات کراچی کنگز کے عرفان خان نیازی کے حصے میں آئے۔ 
پی ایس ایل 9 کے سپر آل راؤنڈر پشاور زلمی کے صائم ایوب قرار پائے، بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اعظم خان نے جیتا، اسپرٹ آف دی کرکٹ ایوارڈ پشاور زلمی کے حصے میں آیا اور بہترین امپائر کا ایوارڈ آصف یعقوب نے حاصل کیا۔ 

ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے دوران خوب چمکنے والے پلیئرز اورایوارڈ جیتنے والوں کی مکمل فہرست یہ ہے:

فائنل کے بہترین کھلاڑی: عماد وسیم
پلیئر آف دی ٹورنامنٹ: شاداب خان
ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی: عرفان خان نیازی
ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے ٹاپ بلے باز: عثمان خان
ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے بہترین بولر: اسامہ میر
ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے بہترین فیلڈر: عرفان خان نیازی
ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے سپر آل راؤنڈر: صائم ایوب
ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے بہترین وکٹ کیپر: اعظم خان
ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے پر فضل محمود کیپ: اسامہ میر
ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر حنیف محمد کیپ: بابر اعظم
سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ: پشاور زلمی
ٹورنامنٹ کے بہترین امپائر: آصف یعقوب۔