news
English

پی ایس ایل کی بہترین الیون تشکیل، قیادت شاداب خان کے سپرد

پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی کپتانی کرنے والے محمد رضوان ڈریم الیون کے 12ویں کھلاڑی قرار پائے۔

پی ایس ایل کی بہترین الیون تشکیل، قیادت شاداب خان کے سپرد

اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ وننگ پلیئر عماد وسیم اور پیسر نسیم شاہ بھی ڈریم الیون میں منتخب ہوگئے، ملتان سلطانز کے 5 پلیئرز جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 9 ویں ایڈیشن کی بہترین علامتی الیون منتخب کرلی گئی۔ جس کا چیمپئن سائیڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان کو کپتان مقرر کر دیا گیا ہے، رنر اپ ملتان سلطانز کے 5 ،اسلام آباد یونائیٹڈ کے 3، پشاور زلمی کے 2اور کراچی کنگزکا ایک پلیئر ڈریم الیون میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا، اس ٹیم کا انتخاب عثمان واہلہ (ڈائریکٹرانٹرنیشنل کرکٹ) کی زیرسربراہی پینل نے کیا، آزاد ارکان میں کمنٹیٹر ڈینی موریسن، مارک بوچر، عروج ممتازاورطارق سعید شامل تھے۔ 
قومی ٹیم کے سابق نائپ کپتان 25 سالہ شاداب کی کپتانی میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کا تیسری بار ٹائٹل جیتا،آل رائونڈ کارکردگی پرانھیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، انھوں نے 12 میچز میں 305 رنز بنائے اور 14 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ 
 
اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل ان کے دیگر 2 پلیئر عماد وسیم اور نسیم شاہ بھی تصوراتی ٹیم میں منتخب ہوگئے، کندھے کی انجری سے واپس آنے والے 21 سالہ نسیم شاہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی کامیابی میں ایک اور اہم کردار تھے،دائیں ہاتھ کے تیزبولر نے 7.56 کی اکانومی ریٹ سے 15 وکٹیں حاصل کیں۔ 
دوسری جانب ملتان سلطانز نے پیر کی شب اپنا چوتھا فائنل (2021, 2022۔ 2023۔ 2024) کھیلا اس کے 5 کھلاڑی پلیئنگ الیون میں شامل ہوئے، ان میں عثمان خان (430 رنز، 2 سنچریاں، 2ففٹیز، اسٹرائیک ریٹ 164.12)، کرس جارڈن (6 وکٹیں، 8.42 اکانومی ریٹ ) اور ڈیوڈ ویلی (15 وکٹیں، 7.46 اکانومی ریٹ) کے ساتھ 2 مقامی کھلاڑی اسامہ میر اور افتخار احمد موجود ہیں۔
جبکہ پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی کپتانی کرنے والے محمد رضوان ڈریم الیون کے 12ویں کھلاڑی قرار پائے۔