news
English

پی ایس ایل 9: پاکستان کے لیے کھیلنے کا ابھی کوئی امکان نہیں،عثمان خان

گزشتہ سال عثمان نے پاکستان کے بجائے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لیے کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

پی ایس ایل 9: پاکستان کے لیے کھیلنے کا ابھی کوئی امکان نہیں،عثمان خان

باصلاحیت بلے باز عثمان خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کی نمائندگی کے لیے پی سی بی کی طرف سے ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ 
ملتان سلطانز کے بلے باز عثمان خان نے اتوار کے روز راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 50 گیندوں پر ناقابل شکست 100 رنز بنائے جس میں 15 چوکے اور تین شاندار چھکے شامل تھے۔ پی ایس ایل کے جاری سیزن 9 میں صرف چار میچ کھیلنے کے بعد، عثمان نے 158 کی ایوریج اور 184 کے اسٹرائیک ریٹ سے 316 رنز بنائے ہیں۔
گزشتہ سال کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 36 گیندوں پر پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنانے کے بعد عثمان نے پاکستان کے بجائے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے کھیلنے کی خواہش ظاہرکی تھی۔ 
اتوار کے روز میچ کے بعد پریس کانفرنس میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستانی ٹیم کی انتظامیہ سے کسی نے گرین شرٹس کی نمائندگی کرنے کے حوالے سے ان سے رابطہ کیا ہے تو عثمان نے مختصر جواب دیا کہ "نہیں، ابھی نہیں۔،، 
جب پاکستان کے لیے کھیلنے کے حوالے سےان سے مزید سوالات کیے گئے تو عثمان خان نے گفتگو کو ری ڈائریکٹ کرتے ہوئے کہا کہ "ابھی صرف پی ایس ایل کے بارے میں بات کرتے ہیں۔،، 
پی ایس ایل کی صرف 14 اننگز میں تین سنچریوں کے ساتھ عثمان خان اب پاکستان سپرلیگ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ رکھتے ہیں ان کے ساتھ قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل کو بھی اتنی ہی سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔