news
English

پی ایس ایل 9: سرویورچرڈزنے سرفراز اور بابراعظم کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے

لیجنڈری کرکٹر نے پاکستان میں کرکٹ کے فروغ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) جیسے ٹورنامنٹس کے اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔

پی ایس ایل 9: سرویورچرڈزنے سرفراز اور بابراعظم کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے

ویسٹ انڈیز کے سابق لیجنڈری کرکٹر سر ویون رچرڈزکا کہنا ہے کہ پی ایس ایل نے نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔  پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ اور ناقابل یقین ٹیلنٹ موجود ہے، پی ایس ایل کا ہونا ان پلیئرز کو بہت بڑا موقع فراہم کرتا ہے، کامیابی پر نوجوان پلیئرز کو دنیا بھر میں کھیلنے اور اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے۔ 
مقامی اسپورٹس چینل سے بات چیت کرتے ہوئے لیجنڈری کرکٹر سرویون رچرڈز نے پاکستان سپر لیگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل نے نوجوان پاکستانی کرکٹرز کی صلاحیتوں کی نشوونما میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور نے پی ایس ایل کے بارے میں کہا کہ "ہر سال پی ایس ایل کے انعقاد میں بہتری آرہی ہے اس سے ہر نوجوان کرکٹر کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے۔ 
لیجنڈری بلے باز کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ایک زبردست لیگ ہے اور اگر کوئی نوجوان اس لیگ میں پرفارم کرتا ہے تو اسے دنیا بھر کی دیگر لیگز جیسے کیریبین لیگ اور آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔ 
انہوں نے پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شاندار فارم کے بارے میں بات کرتے ہوئے ٹیم میں ہم آہنگی کی تعریف کی اور کوچ شین واٹسن کی کوچنگ کے انداز کو سراہا۔ 
رائیلی روسو کی بطور کپتان تقرری کے بعد سرفراز احمد کی ٹیم میں بطور مینٹورنگ سینئر کھلاڑی کے نئے کردار کے بارے میں سوال کے جواب میں سر ویوین رچرڈز نے کہا کہ سرفراز ایک ایسا کھلاڑی ہے جو ہر طرح  کی صورتحال کا کلھلے دل سے خیرمقدم کرتا ہے،میں ہمیشہ سرفراز کا مداح رہا ہوں چاہے وہ کپتان ہوں یا نہ ہوں، مجھے یقین ہے کہ وہ ٹیم میں بہت سی مثبت چیزیں لاتے ہیں۔ 
سر ویوین رچرڈز نے پاکستان کے سپر اسٹار اور قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی بھی تعریف کی اور کہا کہ یہ کھلاڑی اپنے منفرد ٹریڈ مارک اسٹائل کے ساتھ شاندار ہے جو اسے ملک کے باقی کھلاڑیوں سے ممتاز کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "میں آپ کو یقین سے بتا سکتا ہوں۔ بابر اعظم کی اپنی ایک کلاس ہے۔ میرا اندازہ ہے کہ وہ پوری جارحیت کے ساتھ بلے کو نہیں اٹھاتا جیسا کہ کچھ دوسرے لڑکوں کو آپ لمبے لمبے چھکے مارتے ہوئے دیکھتے ہیں، لیکن وہ پھر بھی کام کرتا ہے۔ اور میں صرف یہ سمجھتا ہوں کہ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی کرکٹ کے لیے بھی ایک شاندار کھلاڑی ہے۔
سابق ویسٹ انڈین کرکٹر نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 کے بارے میں بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے گھر میں ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔