news
English

چمچماتی ٹرافی کیلیے فیصلہ کن جنگ کا نقارہ بج گیا، سلطانز اور زلمی تیار

پاکستان سپر لیگ 6 کی چیمپئن ٹیم کے فیصلے کا وقت آگیا

چمچماتی ٹرافی کیلیے فیصلہ کن جنگ کا نقارہ بج گیا، سلطانز اور زلمی تیار فوٹو: پی سی بی

پی ایس ایل کے مقابلوں کی سنسنی خیزی آخری مقابلے میں سمٹ آئی، چمچماتی ٹرافی کیلیے فیصلہ کن جنگ کا نقارہ بج گیا جب کہ سلطانز اورزلمی مکمل تیار ہیں۔

پاکستان سپر لیگ 6 کی چیمپئن ٹیم کے فیصلے کا وقت آگیا، فائنل جمعرات کو ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،فاتح ٹیم کو ساڑھے7 کروڑروپے کی انعامی رقم ملے گی،رنزاپ کیلیے تین کروڑ کا چیک تیار ہے، بہترین بولر، فیلڈر اور وکٹ کیپر 8،8 لاکھ روپے وصول کریں گے، اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کیلیے 32 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔

فائنلسٹ ٹیموں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی نے پلے آف مرحلے میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دینے کے بعد اپنا اعتماد بلندیوں تک پہنچایا، محمد رضوان الیون نے کوالیفائر میں اسلام آباد کو 31 رنز جبکہ وہاب ریاض الیون نے کراچی کنگز کو5 وکٹ سے زیر کرنے کے بعد ایلیمنٹر ٹو میں اسلام آباد کو 8 وکٹ سے مات دی تھی۔

ملتان سلطانز نے پہلی بار ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی، پشاور چوتھی مرتبہ ٹائٹل کیلیے جنگ لڑے گا،ملتان سلطانز کی ٹیم نے ابوظبی میں کوالیفائر سمیت 6 میں سے 5 میچز جیتے، دوسری طرف پشاور زلمی ابوظبی لیگ مرحلے میں 5میں سے صرف2 میچز ہی اپنے نام کر سکی۔حالیہ ایونٹ کے2باہمی میچز میں سے ایک پشاور زلمی اور دوسرا ملتان سلطانز نے جیتا۔

ابوظبی کی کنڈیشنز میں سب سے بہتر پرفارم کرنے والے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان لیگ مرحلے میں زبردست فارم میں نظر آئے، پاور ہٹر ثابت ہونے والے صہیب مقصود چند اوورز میں ہی میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،شان مسعود، خوشدل شاہ اور جانسن چارلس نے بھی چند اچھی اننگز کھیلی ہیں،رلی روسو بھی چھکے چھڑا سکتے ہیں،شاہنوز دھانی حیسا ایونٹ کا سب سے کامیاب بولر ٹیم کو میسرہوگا، ساتھ دینے کیلیے تجربہ کار پیسرز سہیل تنویر اور عمران خان بھی موجود ہیں، اسپن کے شعبے میں عمران طاہر کی خدمات میسر ہوں گی۔

دوسری جانب پشاور زلمی کی بیٹنگ کا بوجھ جضرت اللہ زازئی نے اٹھا رکھا ہے،جارح مزاج بیٹسمین کا ساتھ دینے کیلیے کامران اکمل، ان فارم جوناتھن ویلز، شرفین ردرفورڈ اور تجربہ کار شعیب ملک بھی موجود ہوں گے، پیس بیٹری میں وہاب ریاض کا سامنا آسان نہیں ہوگا،فٹ ہونے پر محمد عرفان طویل قد کا فائدہ اٹھائیں گے، عمید آصف بھی اچھی فارم میں ہیں،آل راؤنڈر عماد بٹ نے بھی گذشتہ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمینوں کو کھل نہیں کھیلنے دیا تھا، رومین پاول کے ساتھ شعیب ملک کی اسپن بولنگ ٹیم کے کام آسکتی ہے۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ہم کنڈیشنز سے آگاہ اور چیلنجز کیلیے تیار ہیں، تمام کھلاڑی ٹائٹل جیتنے کیلیے پْرعزم ہیں، امید ہے کہ ٹیم اہم ترین میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

پشاور زلمی کے قائد وہاب ریاض نے کہا کہ فائنل میں پہنچنا اعزاز کی بات ہے، ٹیم کے ہر کھلاڑی نے فتوحات میں حصہ ڈالا،ہم کامیابی حاصل کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے، اس کے لیے تمام شعبوں میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔