news

پی ایس ایل فرنچائزز کو ابھی تک آمدنی سے حصہ نہیں مل سکا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ابھی تک مختلف اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے بقیہ ادائیگیوں کا انتظار کر رہا ہے۔

پی ایس ایل فرنچائزز کو ابھی تک آمدنی سے حصہ نہیں مل سکا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائززتاحال آمدنی میں سے اپنے حصے کی منتظر ہیں، اس حوالے سے پی سی بی کو خط لکھ کر یاد دہانی کرا دی گئی۔  
ایکسپریس نیوز کے مطابق 10 فیصد رقم آڈٹ میں کسی ایڈجسٹمنٹ کے لیے روک لی جاتی ہے، 5 جولائی تک بقیہ 45 فیصد رقم کا فرنچائزز کو انتظار ہوتا ہے، البتہ پی سی بی کی جانب سے ابھی تک کسی ٹیم کو ادائیگی نہیں کی گئی۔ 
نشاندہی پر بتایا گیا کہ بعض اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے بقایاجات کا انتظار ہے، اسی کے بعد حسابات کو فائنل کیا جائے گا، اب تک بورڈ کو فرنچائز شیئر کے 3 ارب 15 کروڑ 54 لاکھ 99 ہزار 829 روپے وصول کرنے ہیں، سب سے بڑی رقم ایک ارب 25 کروڑ 66 لاکھ 22 ہزار 48 روپے ایک اہم اسٹیک ہولڈر پر واجب الادا ہیں۔ 74 کروڑ16 ہزار 695 روپے جس ادارے کو دینے ہیں ایک اور مد میں اسے بڑی رقم خود بورڈ کو بھی ادا کرنی ہے۔ 
دوسری جانب 49 کروڑ 20 لاکھ 41 ہزار 975روپے، اٹھارہ کروڑ 48 لاکھ 37 ہزار 822 روپے، 14 کروڑ71 لاکھ 65 ہزار49 روپے، چار کروڑ15 لاکھ 3 ہزار 740 روپے اور29 کروڑ33 لاکھ12 ہزار500 روپے مختلف اسٹیک ہولڈرزکو دینے ہیں۔ 
یہ رقوم ملنے کے بعد ہر فرنچائز کے حصے میں 52 کروڑ 59 لاکھ 16 ہزار 638 روپے آئیں گے۔ 
گزشتہ دنوں فرنچائزز نےایک مشترکہ خط لکھ کر واجبات کی جلد ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے، دیگر امور میں لیٹ پیمنٹ سرجارچ نہ لینا، دسویں ایڈیشن کی تاریخیں، برطانیہ میں میچز پر اپ ڈیٹ اوردیگربورڈزسے بات چیت کے بعد دستیاب غیرملکی کرکٹرز کی فہرست ہے۔