news
English

پی ایس ایل: فرنچائز اونرز نے الگ کمپنی کا مطالبہ دہرادیا  

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے فرنچائززاونرزکوجلد ایک اور میٹنگ میں معاملات پر تبادلہ خیال کا یقین دلا دیا۔

پی ایس ایل: فرنچائز اونرز نے الگ کمپنی کا مطالبہ دہرادیا  

ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شامل فرنچائزز کے اونرز نے الگ کمپنی کا مطالبہ دہرا دیا۔ 
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سیاسی معاملات سے فراغت کے بعد اب پی سی بی پر توجہ دینا شروع کردی ہے، گذشتہ روز انھوں نے اسلام آباد میں پی ایس ایل فرنچائز اونرز کو ظہرانے پر مدعو کیا، اس موقع پر4 ٹیموں ملتان سلطانز، اسلام آباد یونایٹیڈ، لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالکان موجود تھے۔ 
پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے اونرز بیرون ملک مصروفیات کی وجہ سے نہیں آسکے، پی سی بی کی جانب سے سلمان نصیر، نائلہ بھٹی و دیگر بھی شریک ہوئے۔
شرکا کے مطابق میٹنگ خاصی مثبت رہی اور ٹیم اونرز چیئرمین بورڈ کے وژن سے خاصے متاثر دکھائی دیے، انھوں نے مستقل مالکانہ حقوق کا اپنا دیرینہ مطالبہ بھی دہرایا۔  
واضح رہے کہ آئندہ برس پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کے بعد موجودہ فرنچائزز کی مدت مکمل ہوجائے گی، البتہ وہ مارکیٹ ویلیو کے مطابق اضافہ شدہ رقم ادا کر کے حقوق برقرار رکھ سکیں گی۔ 
چیئرمین نے اونرز سے کہا کہ جلد ہی ایک اور ملاقات کریں گے جس میں اس حوالے سے تفصیلی بات ہوگی،فرنچائزز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کی الگ کمپنی بنانے کی بات بھی کہی جس پر محسن نقوی نے جواب دیا کہ وہ خود چاہتے ہیں لیگ کے معاملات میں مزید بہتری آئے، اس پر بھی بات کریں گے، انھوں نے کہا کہ وہ چند روز قبل ہی پی سی بی میں آئے ہیں، ابھی معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں،کچھ عرصے میں ہی نمایاں فرق نظر آئے گا۔ 
ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ کراچی میں کراؤڈ نہ آنے کے تاثر سے وہ متفق نہیں ہیں،البتہ صوبائی حکومت سے بات کریں گے کہ سیکیورٹی چیکنگ وغیرہ کے دوران شائقین کو زحمت سے بچایا جائے۔