تبریز شمسی اور وین ڈیرڈوسن پورا سیزن نہیں کھیل سکیں گے جبکہ انگلش آل راؤنڈر جیمی اوورٹن ٹورنامنٹ سے باہرہوگئے ہیں۔
پی ایس ایل کی اہم فرنچائز کراچی کنگز کو اپنے دو اہم غیر ملکی کھلاڑیوں تبریز شمسی اور جیمی اوورٹن کی محدود دستیابی کی وجہ سے بڑا دھچکا لگا ہے۔ جنوبی افریقہ کے اسپنر تبریز شمسی 6 مارچ کو پی ایس ایل 9 کے پہلے چھ میچ کھیلنے کے بعد ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی کے لیے پی ایس ایل چھوڑ دیں گے اور ٹورنامنٹ کے دوسرے ہاف سے محروم رہیں گے۔
دوسری جانب انگلش آل راؤنڈر جیمی اوورٹن کو 5 اپریل سے شروع ہونے والی کاؤنٹی چیمپیئن شپ کے لیے تیاری کو یقینی بنانے کے لیے سرے کاؤنٹی نے پورے سیزن کے لیے واپس لے لیا ہے۔ کرکٹ جنوبی افریقہ کی پالیسی لاہور قلندرز کے رسی وان ڈیرڈوسن کو متاثر کرے گی اور ساتھ ہی انہیں سیزن کے آخری حصے کو چھوڑتے ہوئے 6 مارچ کو وطن واپس جانا پڑےگا۔
اتوار کے روز انگلینڈ نے فاسٹ باؤلر ریس ٹوپلی کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) واپس لینے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کیں جو پی ایس ایل 9 میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے تھے، کیونکہ وہ ایس اے 20 کے دوران معمولی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔
ادھر کولن منرو اور ٹائی ملز پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کے لیے لاہور پہنچ گئے ہیں۔