لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے کوالیفائر میچ میں حارث رؤف اور احسان اللہ میں گرما گرمی ہوگئی تاہم میچ کے اختتام پر دونوں کھلاڑیوں نے تلخیاں مٹادیں۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز کے بولرز مسلسل لاہور قلندرز کی وکٹیں اڑارہے تھے کہ حارث رئوف بیٹنگ کے لیے آئے، انھوں نے احسان اللّٰہ کو چوکا اور پھر چھکا جڑدیا، جبکہ بولر احسان اللہ نے اگلی 3 گیندیں مِس کرانے کے بعد غصے کا اظہار کیا جس پر ان کی حارث سے تلخ کلامی ہوگئی۔
دونوں کرکٹرز کے درمیان گرما گرمی کو کمنٹیٹرز اور شائقین نے بھی نوٹ کیا تاہم ملتان سلطانز نے میچ جیتا تو سب سے پہلے احسان اللہ دوڑ کر حارث رؤف کے پاس آئے اورانھیں گلے لگایا۔
واضح رہے کہ پہلے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 84 رنز سے شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ کٹوایا تھا۔