news
English

پی ایس ایل کیلئے اَن فٹ، آئی پی ایل کیلئے فٹ! شمرجوزف نے دھوکادے دیا

زلمی کے ہیڈکوچ نے بتایا کہ فاسٹ بولر انجری کا شکار ہیں لیکن کیریبین کرکٹر آئی پی ایل کھیلنے بھارت پہنچ گئے۔

پی ایس ایل کیلئے اَن فٹ، آئی پی ایل کیلئے فٹ! شمرجوزف نے دھوکادے دیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کیلئے انجری کا بہانہ بنانے والے شمر جوزف انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کیلئے معجزانہ طور پر فٹ ہوگئے۔ 
پشاور زلمی کے ہیڈکوچ ڈیرن سیمی نے گزشتہ روز ملتان سلطانز کے خلاف پہلے کوالیفائر میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شمر جوزف انجری کے باعث پشاور زلمی کے اسکواڈ کو جوائن نہیں کرسکیں گے۔ 
ڈیرن سیمی کی پریس کانفرنس کے کچھ ہی دیر بعد انجری کے بہانہ بناکر پاکستان سپر لیگ کیلئے نہ آنے والے شمر جوزف آئی پی ایل میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی نمائندگی کیلئے بھارت پہنچ گئے، جس پر شائقین کرکٹ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی انجری پر سوال اٹھادیئے۔ 
انہوں نے آئی پی ایل میں انگلش کرکٹر مارک ووڈ کی جگہ اسکواڈ میں جگہ حاصل کی ہے۔ 
دوسری جانب قومی ٹیم کی کوچنگ کیلئے ڈیرن سیمی فیورٹ قرار دیئے جارہے تھے تاہم کیریبین کرکٹر کا کہنا ہے کہ وہ بطور ہیڈکوچ ویسٹ انڈیز ٹیم کیساتھ منسلک ہیں اور ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر ٹی20 ورلڈکپ 2024 جتوانے کیلئے پرعزم ہیں۔  
واضح رہے کہ پشاورزلمی نے آسٹریلیا کے خلاف ویسٹ انڈیز کی تاریخی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے شمر جوزف کو پی ایس ایل ڈرافٹس میں اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا۔