news
English

پی ایس ایل میں فوری طور پر نئی ٹیموں کی شمولیت کا امکان کم

معاہدے کے تحت پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن تک نئی ٹیموں کی شمولیت ممکن نہیں،موجودہ فرنچائزز اس عمل کی مخالف ہیں۔

پی ایس ایل میں فوری طور پر نئی ٹیموں کی شمولیت کا امکان کم

پی ایس ایل میں فوری طور پر نئی ٹیموں کی شمولیت کا امکان خاصا کم ہے، موجودہ فرنچائزز اس کے حق میں نہیں ہیں، معاہدے کے تحت دسویں ایڈیشن تک ایسا ممکن نہیں ہے، معاملہ عدالت میں گیا تو بورڈ کی پوزیشن کمزور ہو گی، چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف بھی اس میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے، وہ لیگ کے حوالے سے کوئی بھی بڑا فیصلہ ٹیم اونرز کی مشاورت سے ہی کریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے پی ایس ایل میں 2نئی ٹیمیں شامل کرنے کا عندیہ دیا تھا،البتہ اس منصوبے پر عمل درآمد سے قبل ہی انھیں عہدہ چھوڑنا پڑ گیا،ان دنوں پھر یہ خبریں زیرگردش ہیں، کئی افراد کو پاکستانی لیگ کا نیا ٹیم اونر  بنا کر پیش کیا جا رہا ہے حالانکہ ابھی کوئی فیصلہ تک نہیں ہوا، ذرائع کے مطابق  فی الحال ٹیمیں بڑھانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ 

 

 

 

 

ذکا اشرف موجودہ فرنچائزز سے مشاورت کیے بغیر کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرنا چاہتے،معاہدے کے تحت 10سال تک پی ایس ایل میں مزید ٹیمیں نہیں بڑھائی جا سکتیں، اگر ایسا کوئی فیصلہ ہوا اور  اسے فرنچائزز نے عدالت میں  چیلنج کر دیا تو بورڈ کی پوزیشن کمزور ہو گی،مسلسل مصروفیات کے سبب ذکا اشرف کی تاحال کسی فرنچائز اونر سے  باضابطہ ملاقات نہیں ہو سکی،وہ آئندہ کچھ دنوں میں گورننگ کونسل کی میٹنگ بلانا چاہتے ہیں۔

 اس میں ٹیم مالکان سے ان کے مسائل معلوم کر کے حل کرنے کی کوشش ہو گی،ذرائع نے بتایا موجودہ اونرز لیگ میں مزید ٹیمیں شامل کرنے کے حق میں نہیں ہیں، ایک ٹیم آفیشل نے کہا کہ ہم نے محنت کر کے ایک پودا لگایا وہ اب درخت بن کر پھل دینے لگا تو حصہ لینے نئے لوگ آنا چاہتے ہیں۔

10ویں ایڈیشن تک ایسا ممکن نہیں ہو سکتا،سینٹرل پول کا معاہدہ ہو چکا اس میں تبدیلی ممکن نہیں، ذرائع نے بتایا کہ سابقہ انتظامیہ نے یہ تجویز بھی دی تھی کہ نئی ٹیمیں شامل کر لیتے ہیں مگر 2سال انھیں سینٹرل پول سے شیئر نہیں دیں گے،یا ابھی ٹیم فروخت کر کے 10ویں لیگ میں ہی شامل کیا جائے مگر ایسی کوئی بات نہیں تسلیم کی گئی تھی۔