news
English

فرنچائز اونرز کل شکایتوں کی پٹاری پھرکھولیں گے

پی ایس ایل گورننگ کونسل کی میٹنگ پیر کو چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی زیرصدارت ہوگی

فرنچائز اونرز کل شکایتوں کی پٹاری پھرکھولیں گے PHOTO COURTESY: Twitter/@PSL

 پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اہم اجلاس پیر کو لاہور میں ہوگا فرنچائز اونرز ایک بار پھرشکایتوں کی پٹاری کھولیں گے پروڈکشن کے اخراجات میں اضافے آمدنی میں پی سی بی کے حصے اور ٹیکس سمیت کئی معاملات زیرغور آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل گورننگ کونسل کی میٹنگ پیر کو چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی زیرصدارت ہوگی، اس موقع پر کئی اہم امور پر تبادلہ خیال ہونا ہے، فرنچائز مالکان بعض معاملات پر بورڈ  حکام سے جلے بھنے بیٹھے ہیں، سب سے نیا تنازع پروڈکشن اخراجات کا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ عرصے 12 ملین ڈالر سالانہ کے عوض تین سالہ براڈ کاسٹنگ رائٹس کا معاہدہ کیا تھا، مگر پھر فرنچائزز کو یہ اطلاع بھی دی کہ پروڈکشن اخراجات  کی رقم بڑھ کر 5.1ملین ڈالر ہو گئی ہے،اس پر اونرز نے سخت احتجاج کیا کہ اگر اتنی بڑی رقم منہا ہو گئے تو ان کو کیا حصہ ملے گا؟

انھوں نے پی سی بی سے مطالبہ کیا کہ وہ خود یہ اخراجات برداشت کرے، اب اس حوالے سے گرماگرم بحث ہونی ہے،حکام نے ٹیم مالکان کو بتایا تھاکہ اگلے ایڈیشن کیلیے وینیوز کی تعداد بڑھ چکی، پاکستان میں زیادہ میچز ہوں گے جبکہ یو اے ای میں ابوظبی کا بھی اضافہ ہو گیا، اس لیے پروڈکشن اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں، اس بار کوریج کیلیے زیادہ کیمرے بھی استعمال ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں اونرز بورڈ سے ایک بار پھر یہ مطالبہ کریں گے کہ وہ اسپانسر شپ معاہدوں سے اپنا 50 فیصد شیئر کم کرے، ٹیکس میں چھوٹ کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا، اس سلسلے میں 2فرنچائز اونرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقات بھی کی تاہم تاحال کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری کو ہوگا۔