news
English

پی ایس ایل: سیکیورٹی کے انتظامات مکمل! متبادل روٹس کیلئے آگاہی دینے کی ہدایت  

عوام کی سہولت کے پیش نظر ٹریفک کی بندش کا دورانیہ کم سے کم ہونا چاہیے، نگراں وزیراعلیٰ

پی ایس ایل: سیکیورٹی کے انتظامات مکمل! متبادل روٹس کیلئے آگاہی دینے کی ہدایت  

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے لیے فول پروف سکیورٹی اور شائقین کرکٹ کیلئے خاطر خواہ انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ہدایات جاری کردیں۔ 
ایکسپریس نیوز کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سی سی پی او، کمشنر لاہور، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی آپریشنز، سی ٹی او لاہور اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ 
اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نےبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 16 ہزار سے زائد پولیس اوردیگر سیکیورٹی اہلکار پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کیلئے فرائض سرانجام دیں گے۔ راولپنڈی اور ملتان میں میچز کی میزبانی کیلئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ 
نگراں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پی ایس ایل 9 کے میچز کا آغاز 17 فروری سے ہوگا، میچز کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے موثر مینجمنٹ کی جائے، عوام کی سہولت کے پیش نظر ٹریفک کی بندش کا دورانیہ کم سے کم ہونا چاہیے۔  
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو میڈیا کے ذریعے متبادل روٹس سے بروقت آگاہ کیا جائے، متعلقہ ادارے اور محکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئےاپنے فرائض سرانجام دیں۔