news

پی ایس ایل9: کراچی میں میچز کے دوران کوئی سڑک بند نہیں ہوگی  

ہیوی ٹریفک کو میچ کے روٹس والے راستوں سے نہیں گزرنے دیا جائے گا، پولیس

پی ایس ایل9: کراچی میں میچز کے دوران کوئی سڑک بند نہیں ہوگی  

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل9) کے کراچی میں شیڈول میچز کے دوران شہر کی کوئی سڑک بند نہیں ہوگی۔ 
کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق پی ایس ایل 9 کے میچز کے دوران شہر قائد کی کوئی سڑک بند نہیں ہوگی البتہ ہیوی ٹریفک کو میچ کے روٹس والے راستوں سے نہیں گزرنے دیا جائے گا۔
 
پی ایس ایل 9 کے پلے آف اور فائنل سمیت 11 میچز کی میزبانی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کو دی گئی ہے، ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے میچز کا آغاز 28 فروری سے 18 مارچ تک کراچی میں شیڈول ہے۔
اس موقع پر کراچی ٹریفک پولیس نے تماشائیوں کیلئے پارکنگ کی غرض سے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا ہے، وہ شائقین کرکٹ جو کارساز، ملینیم اور نیوٹاؤن سے آرہے ہیں، اپنی گاڑیاں پی ایس بی کوچنگ سینٹراورچائنا گراؤنڈ میں پارک کرسکیں گے۔ 
 
دوران میچ سہراب گوٹھ سے نیپا کی جانب، لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر، پیپلز چورنگی سے یونیورسٹی روڈ، کارساز سے اسٹیڈیم روڈ، ملینیم سے نیوٹاؤن، اسٹیڈیم سگنل سے حسن اسکوائر کی سڑکوں پر ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔