news
English

پی ایس ایل 9 کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ پرنوٹوں کی بارش

پی ایس ایل 9: شاداب خان پلیئر آف دی ٹورنامنٹ، عثمان بہترین بیٹر، اسامہ بیسٹ بولرقرارپائے۔

پی ایس ایل 9 کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ پرنوٹوں کی بارش

پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نوٹوں کی بارش میں بھیگ گئی، ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کی جگمگاتی ٹرافی کے ساتھ 14 کروڑ روپے کا چیک بھی وصول کرلیا۔  
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9 کے کراچی میں کھیلے گئے فائنل معرکے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، ٹیم نے پلے آف کے اپنے تینوں میچز میں کامیابی حاصل کرکے جگمگاتی ٹرافی پر حق جتایا، اس کے ساتھ ہی اسے 14 کروڑ روپے کا چیک بھی ملا۔ 
لگاتار تیسرے فائنل میں شکست کا منہ دیکھنے والی ملتان سلطانز کی ٹیم کو رنر اپ رہنے پر 5 کروڑ 60 لاکھ روپے ملے۔ فیصلہ کن معرکے میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز اسلام آباد کے آل رائونڈرعماد وسیم کو ملا، ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان قرار پائے، ایمرجنگ پلیئرآف دی ٹورنامنٹ کراچی کنگز کے عرفان نیازی کو قرار دیا گیا۔ 
ٹورنامنٹ کے بہترین بولر کا اعزاز ملتان سلطانز کے اسامہ میر کے حصے میں آیا جبکہ بہترین بیٹر کا انعام ساتھی کھلاڑی عثمان خان کو ملا، ٹورنامنٹ کے بہترین فیلڈرکراچی کنگز کے عرفان خان نیازی قرار پائے، پشاورزلمی کے صائم ایوب کو سپر آل رائونڈر قراردیا گیا۔ 
سیزن کے بہترین وکٹ کیپر کا اعزاز اسلام آباد یونائیٹڈ کے اعظم خان کے نام رہا۔ سب سے زیادہ وکٹیں اڑانے والے بولراسامہ میرکو فضل محمود کیپ اور زیادہ رنز بنانے والے بابراعظم کو حنیف محمد کیپ سے نوازا گیا، اسپرٹ آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ پشاورزلمی کو ملا جبکہ بہترین امپائر آصف یعقوب قرار پائے۔