news

پی ایس ایل9: ملتان میں آخری میچ، شائقین نے ہاؤس فل کردیا

لاہور میں کراؤڈ نے خوب رونق لگائی، بابر، شاہین اور صائم ایوب توجہ کا مرکزبنےرہے۔

پی ایس ایل9: ملتان میں آخری میچ، شائقین نے ہاؤس فل کردیا

ملک میں جاری رنگا رنگ ایچ بی ایل، پی ایس ایل 9 کا ملتان میں آخری میچ ہاؤس فل ہوگیا۔ 
ملتان اسٹیڈیم میں شیڈول ایچ بی ایل پی ایس ایل9 کے میچز اختتام پذیر ہوگئے، گزشتہ روز آخری میچ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہوا، شائقین کو دن 12 بجے سے ہی شٹل بس سروس کے ذریعے پارکنگ ایریا سے اسٹیڈیم لانے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، تمام انکلوژر مکمل طور پر بھرے رہے انتظامیہ کی جانب سے شکریہ ملتان کا بورڈ بھی لگایا گیا۔ 
یہ بھی کہا جارہا ہے کہ عملے کی ملی بھگت سے مفت خوروں کی انٹری کروائی گئی، وی آئی پی انکلوژر وقار یونس اور انضمام الحق انکلوژرز میں تعداد سے زیادہ شائقین آگئے جس کے باعث ٹکٹیں خرید کر آنے والے شائقین میچ کھڑے ہوکر دیکھنے پرمجبور رہے۔ 
دونوں ٹیموں کو سخت سیکیورٹی میں اسٹیڈیم لایا گیا، وینیو کے اطراف میں بھی بڑی تعداد میں اہلکار تعینات کیے گئے اور سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی بھی کی جاتی رہی، روٹ کے علاوہ اسٹیڈیم کے اطراف میں تمام روڈ ٹریفک کے لیے کھلے رہے، اسٹیڈیم کے مرکزی دروازے پر میچ دیکھنے والے شائقین کی لمبی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ 
دوسری جانب قذافی اسٹیڈیم میں میزبان لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے میچ میں بیشتر اسٹینڈز بھرگئے۔ 
بابر اعظم اور صائم ایوب کراؤڈ فیورٹ رہے، شاہین شاہ آفریدی کے پرستاروں کی بڑی تعداد بھی اسٹیڈیم میں موجود تھی، تینوں کھلاڑیوں کے حق میں نعرے بھی لگائے جاتے رہے، لاہور قلندرز کے ساتھ پشاور زلمی کی شرٹس اور پرچم بھی بڑی تعداد میں نظر آئے،سیکیورٹی ادارے اپنی ڈیوٹیز پر مستعد رہے، وی آئی پی پارکنگ میں کچھی زیادہ ہی رش دیکھنے میں آیا۔