news
English

پی ایس ایل9: پشاور کو اس سال بھی میچز کی میزبانی نہ ملنے کا امکان  

ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کو جدید بنانے کیلئے توسیعی منصوبہ شروع کیا گیا تھا جو اس سال بھی مکمل نہ ہوسکا جس پر اسٹیڈیم انتظامیہ نے پی ایس ایل میچز کے انعقاد سے معذرت کرلی۔

پی ایس ایل9: پشاور کو اس سال بھی میچز کی میزبانی نہ ملنے کا امکان  

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں بھی پشاور میچز کی میزبانی سے محروم رہے گا۔ 
ذرائع کے مطابق پانچ سال قبل 2018 میں ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کو جدید طرز پر بنانے کیلئے توسیعی منصوبہ شروع کیا گیا تھا جو اس سال بھی مکمل نہ ہوسکا جس پر اسٹیڈیم انتظامیہ نے پی ایس ایل میچز کے انعقاد سے معذرت کرلی ہے۔ انتظامیہ نے اب اگلے سال ستمبر تک اسٹیڈیم کو تیار کرنے کا نیا وعدہ کیا گیا ہے۔ 
پی ٹی آئی کے گزشتہ دور حکومت میں پی ایس ایل کا ساتواں اور آٹھواں ایڈیشن پشاور میں منعقد کرانے کے اعلانات کیے گئے لیکن منصوبہ سفید ہاتھی بن چکا ہے، مںصوبہ پر ایک ارب 39 کروڑ روپے لاگت آنی تھی لیکن تاخیر کے باعث مقررہ  فنڈز سے لاگت کئی گنا بڑھ چکی ہے۔ منصوبہ مکمل نہ ہونے کے باعث پشاور پی ایس ایل میچز کی میزبانی سے اب تک محروم رہا ہے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ اور پشاور زلمی کی جانب سے نویں ایڈیشن کی میزبانی پشاور کو دینے کی خواہش کا اظہار کیا گیا، نگراں حکومت کی جانب سے بھی اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ پر کافی دباؤ ڈالا گیا لیکن کوئی حربہ کامیاب نہ ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق اسپورٹس ڈائریکٹقریٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کا تعمیراتی منصوبہ اگلے سال ستمبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔ 
ذرائع کے مطابق ارباب نیاز اسٹیڈیم کی پچ پر گھاس لگانے اور گراؤنڈ کو لیول کرنے کا کام باقی رہتا ہے۔ دسمبر اور جنوری میں شبنم گرنے کے باعث گھاس لگانے اور لیولنگ کا کام نہیں ہوسکتا اس لیے فروری میں کام شروع کیا جائے گا۔ پچ اور گراؤنڈ کا مکمل ہونے کے بعد ڈومیسٹک میچز کا آغاز ہوگا۔  
پشاور زلمی کے ڈائریکٹر محمد اکرم نے کا کہنا ہے کہ ہماری گزشتہ کئی سالوں سے خواہش اور کوشش ہے کہ پشاور میں پی ایس ایل میچز کا انعقاد ہو۔ پشاور زلمی کی مینیجمنٹ اور کھلاڑیوں نے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا دورہ بھی کیا تھا۔ پی سی بی سے پھر درخواست یے کہ پشاور میں پی ایس ایل میچز کا انعقاد کیا جائے۔ خیبر پختونخوا سے کرکٹ کا سب سے زیادہ ٹیلنٹ آرہا ہے۔ پشاور زلمی کے میچز کا انعقاد پشاور میں ضرور ہونا چاہیے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم تیار نہ ہونے کے باعث اب نظریں حیات آباد اسٹیدیم پر جم گئی ہیں۔ حیات آباد کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرلیا گیا ہے تاہم ابھی تک پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل کے میچز حیات آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کرانے کے حوالے سے جواب موصول نہیں ہوا۔