news
English

مایہ ناز ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

عبدالقادر کو دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال لے جایا گیا لیکن دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا، بیٹا سلمان قادر

مایہ ناز ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے PHOTO: Twitter

مایہ ناز ٹیسٹ کرکٹر اور گگلی کے مؤجد عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر اور مایہ ناز اسپنر عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے، ان کے بیٹے سلمان قادر نے ان کی موت کی تصدیق کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے سلمان قادر نے بتایا کہ والد عبدالقادر کو ہارٹ اٹیک ہوا اور انہیں فوری اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔ سلمان قادر کا کہنا تھا کہ والد نے ہمیشہ حق سچ کی بات کی، کرکٹ اور کرکٹرزکے لئے آواز اٹھانے والے کی آواز ہمیشہ کے لئے بند ہو گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ٹیسٹ کرکٹر عبد القادر کے انتقال پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالقادر کی اچانک وفات کا سن کر دکھ ہوا، پاکستان کرکٹ میں ان خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، وہ لیجنڈری کرکٹر اور بہترین انسان تھے۔

لیجنڈ کرکٹر عبدالقادر نے 104 ایک روزہ میچز میں 132 اور 67 ٹیسٹ میچز میں 236 وکٹیں حاصل کیں، انہیں گگلی کا مؤجد بھی کہا جاتا ہے، وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں۔