news
English

آسٹریلوی شہریت کا سوچنے والے عثمان قادرکی اچانک ’’دریافت‘‘ پرشائقین حیران

عثمان قادر کو وائٹ بال سے مسلسل عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا ہے، چیف سلیکٹر

آسٹریلوی شہریت کا سوچنے والے عثمان قادرکی اچانک ’’دریافت‘‘ پرشائقین حیران فوٹو: ٹویٹر

  پاکستان سے مایوس ہوکر آسٹریلوی شہریت کا سوچنے والے عثمان قادر کی اچانک ’’دریافت‘‘ نے شائقین کو حیران کردیا۔

جونیئر ورلڈکپ 2012میں ملک کی نمائندگی کرنے والے اسپنر نے ابھی تک 8 فرسٹ کلاس اور 14 لسٹ اے میچز کھیلے ہیں، مسلسل نظر انداز کیے جانے پر ان کے مرحوم والد  سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر بھی شکوے کرتے نظر آتے تھے، آسٹریلیا میں کلب کرکٹ اور پھر بگ بیش تک رسائی پانے والے نوجوان لیگ اسپنر اچانک آسٹریلیا سے سیریز کیلیے اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

یاد رہے کہ عثمان قادر آسٹریلوی شہرت حاصل کرتے ہوئے اسی ملک کی جانب سے کھیلنے کی خواہش کا اظہار کرتے رہے ہیں، وہ وہاں اوور اسپیڈنگ کرتے ہوئے بھی پکڑے گئے تھے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق سے سوال کیا گیا کہ لیگ اسپنر نے آسٹریلوی شہریت کیلیے درخواست دی ہے، جواب میں انھوں نے کہا کہ میرے علم میں تو کوئی ایسی بات نہیں، انھیں وائٹ بال سے مسلسل عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا ہے۔