news
English

قومی اسکواڈ میں شمولیت پر عثمان قادر خود بھی حیران

آسٹریلیا کی جانب سے کھیلنے کے معاملے میں کوئی یو ٹرن نہیں لیا

قومی اسکواڈ میں شمولیت پر عثمان قادر خود بھی حیران فوٹو: کرکیٹ آسٹریلیا

  قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شمولیت پر عثمان قادر خود بھی حیران ہیں۔

دورہ آسٹریلیا کیلیے اسکواڈز کا انتخاب کرتے ہوئے عثمان قادر فیورٹس میں شامل نہیں تھے لیکن آسٹریلوی کنڈیشنز میں تجربہ دیکھتے ہوئے انھیں شامل کرلیا گیا،اچانک منتخب ہونا لیگ اسپنر کیلیے بھی حیرت کا باعث بنا۔

عثمان قادر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کا ارادہ لیے قانونی مراحل مکمل کرنے میں مصروف تھے لیکن یہ سلسلہ عمومی طور پر خاصا طویل ہوتا ہے، لیگ اسپنر نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں سینٹرل پنجاب کی جانب سے میچز میں حصہ لیا،اس دوران ہی ان کو دورہ آسٹریلیا کیلیے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔

آسٹریلوی میڈیا کو انٹرویو میں عثمان قادر نے کہاکہ میں نے والد عبدالقادر سے کہا تھا کہ میرے پاکستان کیلیے کھیلنے کی امید نہیں ہے۔ میں آسٹریلیا جاکر اپنا کیریئر بنانا چاہتا ہوں، جواب میں انھوں نے کہا کہ ’’میری خواہش ہے کہ تم اپنے ملک کی نمائندگی کرو، فیصلہ تمہارا اپنا ہے لیکن میں تمہیں پاکستان کیلیے کھیلتا دیکھنا چاہتا ہوں‘‘،پی سی بی نے مجھے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کیا،زیادہ وکٹیں بھی نہیں لیں لیکن سلیکٹرز کو میری بولنگ پسند آگئی،منتخب ہونے کے اطلاع بھی جذباتی انداز میں اہلیہ نے دی۔

عثمان قادر نے کہا کہ میں نے آسٹریلیا کی جانب سے کھیلنے کے معاملے میں کوئی یو ٹرن نہیں لیا،کوئی وہاں کی شہریت حاصل کیے بغیر ملک کی نمائندگی نہیں کرسکتا،گرین شرٹ زیب تن کرنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔

لیگ اسپنر نے کہا کہ بگ بیش سمیت آسٹریلیا میں جتنی بھی کرکٹ کھیلی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، کینگروز سلوبولرز کیخلاف جارحانہ انداز اختیار کرتے ہیں،کنڈیشنز کے مطابق درست لائن اور لینتھ رکھی جائے تو ان پر قابو پایا جا سکتا ہے۔