news
English

کپتان کی تبدیلی کے آثار مزید نمایاں ہونے لگے  

سابق کپتان کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی اطلاعات بھی گردش میں ہیں۔

کپتان کی تبدیلی کے آثار مزید نمایاں ہونے لگے  

گرین شرٹس کی ٹی 20 کپتان کی تبدیلی کے آثار مزید نمایاں ہونے لگے جب کہ سلیکشن کمیٹی نے اپنی تجاویز چیئرمین پی سی بی کو بھجواتے ہوئے بابر اعظم کا نام دے دیا۔
محسن نقوی کے چیئرمین پی سی بی کا چارج سنبھالنے کے بعد بورڈ میں تبدیلیوں کی لہر چل رہی ہے،ڈائریکٹر محمد حفیظ کو رخصتی کا پروانہ جاری کردیا گیا تھا جس کے بعد سے نئے کوچنگ اسٹاف کی تلاش جاری ہے۔
ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد اور ڈائریکٹر لیگل افیئرز بلال رضا کے استعفے سامنے آچکے ہیں، بغیر کسی سربراہ کے نئی سلیکشن کمیٹی بنادی گئی جس کو کپتان کے تقرر کا اختیار بھی دیا گیا ہے، اس کمیٹی نے پہلی مصروفیت کے طور پر کاکول ملٹری اکیڈمی میں ٹریننگ کیلیے 29ممکنہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جس میں عماد وسیم اور محمد عامر کی شمولیت نمایاں ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے گذشتہ دنوں پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 کپتان برقرار رکھیں یا کسی اور کو ذمہ داری سونپیں، فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا جائے گا، گذشتہ رات قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے اجلاس میں سلیکشن کمیٹی نے کپتان کے حوالے سے اپنی تجاویز چیئرمین کو پیش کردیں۔ 
ذرائع کے مطابق انھوں نے کپتان کو تبدیل کرنے کے حوالے سے تفصیلی رائے سے آگاہ کرتے ہوئے بابر اعظم کا نام تجویز کیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت میں 50اوورز کےورلڈکپ کے بعد سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کے دور میں جس صورتحال میں بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ کی قیادت چھوڑنا پڑی تھی،اس کے بعد دوبارہ قیادت سنبھالنے پر ان کو کچھ تحفظات ہیں۔  
گزشتہ روز یہ اطلاعات بھی گردش میں رہیں کہ بابراعظم کی محسن نقوی سے ملاقات ہوئی جس میں انھیں اعتماد میں لینے کی کوشش کی گئی، اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ جلد سامنے آجائے گا، دوسری جانب پی سی بی ذرائع نے ایسی کسی ملاقات کی تصدیق سے گریز کیا ہے۔