news

قومی ٹیم کے غیر اعلانیہ ہیڈکوچ مکی آرتھر بالآخرپاکستان پہنچ گئے

قومی کرکٹ ٹیم کے غیر اعلانیہ ہیڈکوچ مکی آرتھر اسلام آباد پہنچ گئے جبکہ دیگر عملہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لئے پہلے ہی پاکستانی اسکواڈ کے ساتھ موجود ہے۔

قومی ٹیم کے غیر اعلانیہ ہیڈکوچ مکی آرتھر بالآخرپاکستان پہنچ گئے

پی سی بی حکام اور کوچنگ اسٹاف سے ملاقاتوں کے بعد آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا، مکی آرتھر کی سفارشات پر ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور بیٹنگ کوچ اینڈریو پیوٹک کا تقرر پہلے ہی کیا جاچکا ہے، جو اس وقت قومی اسکواڈ کے ساتھ موجود ہیں۔

بولنگ کوچ مورنی مورکل انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کے بعد جوائن کریں گے۔

واضح رہے کہ مکی آرتھر صرف ڈاربی شائر کی نوکری سے فراغت کے دنوں میں ذاتی طور پاکستان ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

اس سے قبل چیئرمین پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ غیر ملکی کوچ مکی آرتھر کیویز کے خلاف سیریز کے ایک یا دو میچوں میں بھی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

ان کے دورے کا بنیادی مقصد اپنی ٹیم کو تیار کرنا، کھلاڑیوں کو تربیت دینا اور انہیں بریف کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ اپنے منصوبوں پر بھی بات کریں گے۔ نجم سیٹھی نے اس بارے میں بھی کھل کر کہا کہ وہ قومی ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کو کیوں ترجیح دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی رائے پر قائم ہوں کہ غیر ملکی کوچز سیاست سے دور رہیں۔ وہ عام طور پر زیادہ پیشہ ور بھی ہوتے ہیں۔ پاکستان کے پاس اچھے پیشہ ور کوچز بھی دستیاب ہیں، لیکن ہماری ثقافت میں دوستی فیصلہ سازی میں اہم وزن رکھتی ہے۔ پیشہ ورانہ کرکٹ میں، جہاں آپ اعلیٰ سطح پر مقابلہ کرتے ہیں، یہ چیزیں موجود نہیں ہونی چاہئیں۔ پیشہ ورانہ اخلاقیات کو مکمل طور پر اپنانا ضروری ہے۔ سیٹھی نے کہا کہ اس لیے غیر ملکی کوچز کا ہونا ضروری ہے۔