لاہور: نگراں وزیر کی ذمے داریوں کے باعث فاسٹ بولر وہاب ریاض کی پاکستان سپر لیگ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا۔
وہاب ریاض کی جانب سے پنجاب کے نگراں وزیر کا حلف 12 فروری کو اٹھائے جانے کا امکان ہے۔ وہاب ریاض وزیر بننے کے بعد پی ایس ایل 8 کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نگراں پنجاب حکومت نے وہاب ریاض سے رابطہ کیا ہے اور انہیں 12 فروری کی شب گورنر ہاؤس لاہور میں نگراں صوبائی وزیر کا حلف اٹھانے کی دعوت دی گئی ہے، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اُن سے حلف لیں گے۔
وہاب ریاض کے قریبی حلقوں کے مطابق نگراں وزیر کھیل کا حلف اٹھانے اور مصروفیات بڑھنے کے بعد بائیں ہاتھ کے پیسر کا پشاور زلمی کی نمائندگی کرنا بہت مشکل دکھائی دے رہا ہے، منسٹری کے بہت سے ایسے معاملات ہیں جو ان کی فوری توجہ کے متقاضی ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض کو کھیلنے کی اجازت ملنے کا انحصار نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی صوابدید پر ہے، بظاہر اس بات کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔ وہاب ریاض نے حال ہی میں بگٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے نمائشی میچ میں شرکت کی تھی جس میں انہوں نے ایک اوور میں 6 چھکے کھائے تھے۔