کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مینجمنٹ نے پلئیرز کے حوالے سے اہم معلومات شیئر کردیں۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے لئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے غیرملکی کھلاڑیوں کی دستیابی کے حوالے سے اَپ ڈیٹ فراہم کردی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ آف پلیئر ایکوزیشن نبیل ہاشمی کا کہنا ہے کہ نو منتخب کپتان ریلی روسو جیسن رائے، شیرفین ردرفورڈ، لوری ایونز، اکیل ہوسین اور ول سمیڈ پہلے میچ کے لئے دستیاب ہوں گے تاہم سری لنکا کے وینندو ہسرنگا کی دستیابی پر اب بھی سوالیہ نشان موجود ہے۔
سری لنکن اسپنر ہسرنگا کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)9 کے ابتدائی 5 میچز کھیلنے تھے لیکن افغانستان کے خلاف سیریز کے شیڈول کے باعث وہ ابتدائی 2 میچز کے لئے بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔
وینندو ہسرنگا محض تین میچز کیلئے پی ایس ایل 9 کا حصہ ہوں گے جبکہ اس کے بھی کوئی آثار نظر نہیں آرہے کیونکہ لنکن بورڈ نےابھی تک انہیں لیگ کے لئے این او سی جاری نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنا پہلا میچ 18 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی کے خلاف کھیلیں گے۔