news
English

سنچورین ٹیسٹ: کگیسو ربادا نے بھارتی بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑادیں

سنچورین ٹیسٹ کے پہلے روز بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنا لئے، کگیسو ربادا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ 

سنچورین ٹیسٹ: کگیسو ربادا نے بھارتی بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑادیں

بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین ٹیسٹ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنا لئے، کے ایل راہول 70 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر کگیسو ربادا نے 44 رنز کے عوض 5 اہم وکٹیں حاصل کیں، بارش کے باعث پہلے روز 59 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا۔ منگل کو سپرسپورٹ پارک سنچورین میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بھارتی ٹیم نے اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا جب اس کے 3 بلے باز صرف 24 کے مجموعی اسکور پر آئوٹ ہوگئے، کپتان روہت شرما 5، اوپنر یشاسوی جیسوال 17 اور شبھمن گل صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس موقع پر اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی نے شریاس ائیر کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم بھارت کی چوتھی وکٹ 92 کے سکور پر گری جب شریاس ائیر 31 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آئوٹ ہوگئے، کچھ دیر بعد 107 کے مجموعی اسکور پر ویرات کوہلی بھی 38 رنز بنا کر چلتے بنے۔
نئے آنے والے بیٹر روی چندرن ایشون بھی 121 کے مجموعی اسکور پر صرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 
اس موقع پر کے ایل راہول نے ایک اینڈ پر وکٹ کو سنبھالے رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، بھارت کے ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی شاردل ٹھاکر نے 24 رنز بنائے جبکہ 191 کے مجموعی اسکور پر بھارت کی آٹھویں وکٹ گری، جسپریت بھمرا صرف ایک رن بناسکے۔ بھارتی مڈل آرڈر بلے باز کے ایل راہول 70 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ محمد سراج نے کوئی رن نہیں بنایا۔ اس دوران بارش شروع ہوگئی، مسلسل بارش کی وجہ سے دونوں امپائرز نے پہلے روز کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ 
اس طرح پہلے روز کھیل کے اختتام پر بھارت نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنالئے، جبکہ جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر کگیسو ربادا نے 5 وکٹیں حاصل کیں، ناندرے برگر نے 2 اور مارکو جانسن نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔