دونوں روایتی حریف ٹیموں کے 19 دنوں کے اندر تین مقابلے ہونے کی توقع ہے، میڈیارپورٹس
بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ راہول ڈریوڈ نے ایشیاکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان دلچسپ فائنل مقابلہ دیکھنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راول ڈریوڈ نے کہا کہ ہم ابتدائی دو میچز پاکستان اور نیپال کے خلاف کھیلیں گے، ہمیں دونوں گیمز جیتنا ہوں گی اور ہم توقع رکھیں گے کہ پاکستان بھی ٹورنامنٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرے تاکہ ایونٹ میں تیسری مرتبہ بھی دونوں ٹیموں کا سامنا ہو۔
بھارتی ٹیم کےسابق کپتان و کوچ نے کہا کہ پاک بھارت میچز دیکھنا خوش آئند ہے مجھے توقع ہے کہ پاکستان بھی ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنائے گا اور زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
گزشتہ روز ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے چیئرمین جے شاہ نے ایشیاکپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کیا تھا جبکہ لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی نئی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے ٹرافی کی رونمائی کی تھی۔
ایشیاکپ کا آغاز 30 اگست سے ہوگا، جس میں پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی جبکہ دوسرے میچ میں قومی ٹیم کو بھارت سے مقابلے کا چیلنج درپیش ہوگا۔ دونوں ٹیمیں 2 ستمبر کومیدان میں ٹکرائیں گی۔
پہلی بار پاکستان اور سری لنکا ایونٹ کی مشترکہ میزبانی کریں گے، ہندوستان اور پاکستان دونوں کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے، ممکنہ طور پر ایشیاکپ کے 16 ویں ایڈیشن میں روایتی حریفوں کے درمیان 19 دنوں کے اندرتین مقابلے ہونے کی توقع ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 50 اوورز فارمیٹ کا یہ ٹورنامنٹ 30 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔