news
English

بارش نے بھارت میں دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کے رنگ دھودیئے

بارش کے دوران چھت ٹپکنے کے واقعے نے نریندر مودی اسٹیڈیم میں نہ صرف سہولیات کا پول کھول دیا بلکہ اسٹیڈیم کے بنیادی ڈھانچے کے بارے میں خدشات بھی پیدا کیے ہیں۔

بارش نے بھارت میں دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کے رنگ دھودیئے

بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں چنئی سپر کنگز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے فائنل میچ میں بارش نے تباہی مچا دی، جس سے دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود سہولیات کے دعوے کو دھچکا لگا۔ بہت انتظار کے بعد یہ مقابلہ شروع میں اتوار کے روز نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہونا قرار پایا تھا لیکن مسلسل بارش نے اس گراؤنڈ کو کھیل سے باہر کردیا۔ جس کے نتیجے میں فائنل کو ریزرو ڈے پر ری شیڈول کرنا پڑا۔

نریندر مودی اسٹیڈیم میں 100,000 سے زیادہ شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ تاہم، اسٹیڈیم کے منتظمین کو اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب بارش کا پانی اس کی چھت سے رسنے لگا، جس نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کی کیونکہ شائقین نے اس منظر کی ویڈیوز بنالی تھیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹیڈیم کے کچھ حصوں میں چھت سے پانی کی بوندیں ٹپک رہی ہیں جس سے تماشائی بے حال ہو گئے۔ 
چھت لیک ہونے کے واقعے نے اس کے اسٹرکچر اور اس کے لیے درکار کافی سرمایہ کاری کو دیکھتے ہوئے جدید ترین اسٹیڈیم کے بنیادی ڈھانچے کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔ اس واقعے نے ون ڈے ورلڈ کپ 2023ء سے قبل، خاص طور پر خراب موسم کے شکار علاقوں میں بند چھت والے اسٹیڈیمز کی ضرورت کے بارے میں جاری بحث کو بھی بڑھاوا دیا ہے۔         
واضح رہے کہ منگل کے روز ہونے والے آئی پی ایل کے فائنل میں ایم ایس دھونی کی چنئی سپر کنگز نے ہاردیک پانڈیا کی گجرات ٹائٹنز کو ہرا کر پانچویں بار آئی پی ایل میں فتح سمیٹی ہے۔