news
English

ٹی20 ورلڈکپ: اسکاٹ لینڈ اورانگلینڈ کا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم

وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث میچ کو دو بار روکنا پڑا اور تیسری بار تیز بارش ہونے پر میچ کو بنا کسی نتیجے کے ختم کردیا گیا۔

ٹی20 ورلڈکپ: اسکاٹ لینڈ اورانگلینڈ کا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم

 آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں اسکاٹ لینڈ اور انگلینڈ کا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ برج ٹاؤن میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، اسکاٹش ٹیم نے 10 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 90 رنز بنائے۔ بارش کے باعث میچ کو 10، 10 اوورز تک محدود کیا گیا تھا۔ 
اس سے قبل میچ کو پاکستانی وقت کے مطابق میچ 7 بجکر 30 منٹ پر شروع ہونا تھا تاہم بارش کی وجہ سے میچ کا آغاز تاخیر سے ہوا۔ اسکاٹ لینڈ کی اننگز کے دوران بارش کی مداخلت پر ایک بار پھر میچ روکنا پڑا۔ میچ روکے جانے سے قبل اسکاٹ لینڈ نے 6.2 اوورز میں  بغیر کسی نقصان کے 51 رنز بنائے تھے۔ بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو اسکاٹ لینڈ نے 10 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 90 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیت کیلئے 91 رنز کا ہدف دیا۔ آئرلینڈ کی طرف سے مائیکل جونز نے 45 اور جارج منسی نے 41 رنز بنائے۔  
پہلی اننگز مکمل ہونے کے بعد دوبارہ بارش شروع ہوگئی جس پر میچ کو بغیر کسی نتیجے کے ختم کردیا گیا۔ 

دونوں ٹیموں کے اسکواڈز: 
انگلینڈ: جوس بٹلر (کپتان اور وکٹ کیپر)، فل سالٹ، ول جیکس، جونی بیرسٹو، ہیری بروک، معین علی، لیام لیونگسٹون، کرس جارڈن، جوفرا آرچر، مارک ووڈ، عادل رشید۔ 
اسکاٹ لینڈ: رچی بیرنگٹن (کپتان)، میٹ کراس (وکٹ کیپر)، جارج منسی، مائیکل جونز، برینڈن میک ملن، مائیکل لیسک، کرس گریوز، مارک واٹ، بریڈ وہیل، کرس سول، بریڈ کیوری۔