news
English

رمیزراجہ کی ’نام نہاد‘ تجربات پرتنقید، راشدلطیف کی مسائل کی نشاندہی

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچز کی سیریز میں بلیک کیپس کو2-1 کی برتری حاصل ہے۔

رمیزراجہ کی ’نام نہاد‘ تجربات پرتنقید، راشدلطیف کی مسائل کی نشاندہی

پاکستان کے سابق کرکٹرز نے چوتھے ٹی 20 میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی ٹیم کی حالیہ حکمت عملیوں اور میدان سے باہر کے مسائل پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ 
سابق کرکٹر اور پی سی بی کے چیئرمین، رمیز راجہ نے ٹیم کے انداز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تبدیلیوں کو "نام نہاد تجربہ" قرار دیا۔ انہوں نے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ وہی کھلاڑی ٹیم میں شامل ہیں لیکن ان کے کردار اور عہدوں میں ردوبدل کیا گیا ہے جس سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ 
رمیز راجہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکام کی جانب سے ایسے تجربات کیے جارہے ہیں جن کا کوئی فائدہ نہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ "یہاں تجربات ہو رہے ہیں، 'نام نہاد تجربات دہرائے جارہے ہیں'۔ وہی کھلاڑی اب بھی اس میں شامل ہیں، بس ان کی پوزیشنیں تبدیل کی گئی ہیں۔ کچھ کو بینچ پر بٹھایا جاتا ہے، جب کہ دوسروں کو کھیلنے کا موقع دیا جاتا ہے۔" 
رمیز راجہ نے بینچ کی طاقت کو جانچنے کا بہانہ استعمال کرنے کے بجائے میچ جیتنے پر توجہ دینے کی اہمیت پر بھی زوردیا۔ انہوں نے ان فیصلوں کے پیچھے موجود استدلال پر سوال اٹھایا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ پاکستانی ٹیم یہ عذر پیش کرنے کے بجائے کہ وہ بینچ کی طاقت کو جانچ رہی ہے، اس وقت جیت پر توجہ مرکوز کرے۔ وہ کچھ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی کم کارکردگی کا جواز پیش کر رہے ہیں کہ اگر ہم میچ ہار گئے تو براہ کرم ہمارے ساتھ برداشت کریں۔،، 
دوسری جانب، پاکستان کے سابق کرکٹر راشد لطیف نے ٹیم کی کارکردگی کو متاثر کرنے والے ممکنہ آف فیلڈ خلفشار کا اشارہ دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل سے باہر کے معاملات پر توجہ مرکوز کرنے سے کھلاڑیوں کی میچز کے دوران کارکردگی دکھانے کی صلاحیتوں میں کمی آ سکتی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ "جب آپ گراؤنڈ سے باہر کھیل رہے ہوں گے، تو آپ میچ کے دوران میدان میں پرفارم نہیں کر پائیں گے۔ میں یہ بات یقینی طور پر کہہ سکتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ لوگ سمجھ سکتے ہیں کہ میں کیا کہنا چاہ رہا ہوں۔" 
یہ بات قابل غور ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کی پاکستان کی امیدیں پانچ میچوں کی سیریز میں پے در پے دوسری شکست کے بعد دم توڑ گئیں۔ 
ہدف کے تعاقب کے قریب پہنچنے کے باوجود پاکستان چار رنز سے ہارگیا۔ آخری اوور میں آل راؤنڈر عماد وسیم ٹیم کو فتح کی طرف گامزن کرنے میں ناکام رہے اور نیوزی لینڈ کے 178/7 کے جواب میں پاکستان نے 174/8 کا مجموعی اسکوربنایا۔ 
گرین شرٹس کی مسلسل دوسری شکست کے بعد بلیک کیپس کو سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ سیریز کا آخری میچ ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔