لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے آسٹریلیا کی جانب سے دورہ پاکستان کے اعلان کو خوش آئندہ قرار دیا ہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے طویل عرصے بعد دورہ پاکستان کے اعلان پر رمیز راجا نے کہا کہ ہم آسٹریلیا ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں۔ آسٹریلیا ایک مضبوط ٹیم ہے جس کا طویل عرصے بعد پاکستان آکر کرکٹ کھیلنا کرکٹ فینز کے لیے بہترین لمحہ ہوگا۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ انہیں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے انعقاد پر ذاتی طور پر بہت خوشی ہے۔
رمیز راجا کے علاوہ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہوکلے کا بھی کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام کرکٹ سے پیار کرتے ہیں، ہمارا آئندہ سال دورہ پاکستان وہاں موجود کرکٹ کے مداحوں کو مزید پرجوش کرے گا۔
واضح رہے کہ 1998 کے بعد یہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔