سابق کرکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایک بہتر مستقبل کے لیے بنے بنائے دائرے سے باہر نکل کر سوچنا ہوگا
57 سالہ سابق کرکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایک بہتر مستقبل کے لیے بنے بنائے دائرے سے باہر نکل کر سوچنا ہوگا-
اپنی ایک یو ٹیوب ویڈیو میں سابق کرکٹر نے پاکستان اور سری لنکا کے متوقع میچز کے لیے چیف سیلکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی جانب سے ممکنہ 20 کھلاڑیوں کے انتخاب پر سخت مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق نے اپنی پہلی ہی سلیکشن میں محفوظ راستہ اپناتے ہوئے 20 کھلاڑیوں کو سلیکٹ کرلیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں نئے نام اور کوئی نیا تجربہ نظر نہیں آیا جس پر انہیں سخت مایوسی ہوئی ہے ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ مصباح الحق کے لیے یہ ایک بڑ اموقع تھا کہ وہ کچھ نیا کرتے مگر وہ شاید خود کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں اس لیے انہوں نے آزمائے ہوئے کھلاڑیوں کو ہی ٹیم میں شامل کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک بہتر مستقبل کے لیے بنے بنائے دائرے سے باہر نکل کر سوچنا ہوگا۔
رمیز راجہ نے مصباح الحق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ہمیشہ نئے تجربات کی راہ کھلی رکھنی چاہیے اور نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں لانے سے نہیں گھبراناچاہیے۔ مگر جو کھلاڑی ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں انہیں دیکھ کر سخت مایوسی ہوئی ہے کیونکہ انڈر 19 اور انڈر 23 سے کسی کھلاڑی کو نہیں لیا گیا۔
آپ کو چاہیے تھا کہ چار سے پانچ نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو اس کیمپ میں شامل کرتے جن کی صلاحیتوں اور کارکردگی پر آپ کو اعتماد ہو اور وہ کھلاڑی آگے چل کر پاکستانی کرکٹ کے لیے اپنی خدمات پیش کرتے۔ جبکہ چیف سلیکٹر نے ایسے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرلیا جو پچھلے 10 سال سے کھیل رہے ہیں اور ان کی صلاحیت اور حدود سے سب واقف ہیں۔