news

ایشیاءکپ: کھلاڑی سوشل میڈیا، ٹیلی ویژن چینلز نہ دیکھیں، رمیزراجہ کامشورہ

ایشیاء کپ کے اہم میچ میں قومی ٹیم آج سری لنکا کے خلاف میدان میں اُترے گی۔

ایشیاءکپ: کھلاڑی سوشل میڈیا، ٹیلی ویژن چینلز نہ دیکھیں، رمیزراجہ کامشورہ

ایشیاء کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست پر سابق کرکٹر و کمنٹیٹر رمیز راجہ نے سری لنکا کیخلاف میچ سے قبل قومی ٹیم کو اہم مشورہ دے دیا۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر قومی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پلئیرز سوشل میڈیا اور ٹیلی ویژن چینلز نہ دیکھیں، وہاں کچھ اچھا نہیں ہوگا کیونکہ پورا پاکستان روایتی حریف بھارت کے خلاف شکست پر مایوس ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف ایسی شکست کے بعد کھلاڑی ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھاتے ہیں لیکن یقین ہے کہ بابراعظم ٹیم کو متحد کر سکتے ہیں۔ 
سابق کرکٹر نے کہا کہ پاکستان کی باؤلنگ بھی حارث رؤف اور نسیم شاہ کی انجریز کی وجہ سے کمزور نظر آرہی ہے تاہم ٹیم کو بھارت کے خلاف شکست کا ٖغم بھلا کر میدان میں اُترنا ہوگا۔ 
رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو اداسی کے درمیان چاندی کو دیکھنا ہوگا انہیں دماغ میں بٹھانا ہوگا کہ دفاعی چیمپئین کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان کو ایشیا
ءکپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے ہاتھوں 228 رنز سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، سری لنکا کے خلاف میچ میں قومی ٹیم کو لازمی فتح درکار ہے، اگر میچ بارش کی نذر ہوا یا سری لنکا جیتا تو وہ فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائے گا اور قومی ٹیم کا سفر اختتام پذیر ہوجائے گا۔