news

رمیز راجا یوٹیوب پر بھارتی ٹیم کو اس کی خامیاں بتانے لگے

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجا بھارتی ٹیم کو اس کی خامیاں بتانے لگے۔

رمیز راجا یوٹیوب پر بھارتی ٹیم کو اس کی خامیاں بتانے لگے

اپنے یوٹیوب چینل پر رمیز راجا کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹاپ آرڈر کمزور دکھائی دے رہا ہے، اگرچہ بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف اوے سیریز کے بعد ہوم گراؤنڈ پر سری لنکا کو وائٹ واش کیا جبکہ کیویز کے خلاف بھی ابتدائی دونوں ون ڈے جیت کر سیریز کی ٹرافی پر قبضہ یقینی بنالیا ہے۔

رمیز نے کہا کہ بھارتی ٹاپ آرڈر بیٹرز کو فرنٹ فٹ پر کھیلتے ہوئے مشکل کا سامنا ہے، وہ بیک فٹ پر جاکر گیند کو عمدگی سے ہٹ کررہے ہیں لیکن فرنٹ فٹ پر مجھے ان میں کمزوری دکھائی دے رہی ہے، وہ دفاعی اسٹروک کھیلنے پر چند بنیادی غلطیاں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی ون ڈے اور ٹیسٹ میں بحالی بولرز کی مرہون منت ہے کیونکہ ان کی بیٹنگ تاریخی طورپر مضبوط رہی ہے۔