news
English

رمیزراجہ کا آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لیے پلیئنگ11 میں تبدیلی لانے کا مشورہ

پاکستان ایک اچھی بیٹنگ پچ پر بھارت کے خلاف 200 رنز بھی نہیں بناسکا تھا اس لیے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں گرین شرٹس کو ہدف کے تعاقب کے بارے میں سوچنا چاہیے، رمیز راجہ

رمیزراجہ کا آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لیے پلیئنگ11 میں تبدیلی لانے کا مشورہ

سابق چیئرمین پی سی بی اور پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے قومی ٹیم کو اہم مشورہ دے دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلورو میں 20 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کا میچ اہم ہوگا
۔ میرا خیال ہے کہ پاکستان کو حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اسپیشلسٹ کو ہپلیئنگ الیون کا حصہ بنانے کے لیے کسی آل راؤنڈر کی قربانی دینی چاہیے۔ 
ایک مقامی نیوز چینل پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ "میرے خیال میں پاکستان کو ہدف کا تعاقب کرنا چاہیئے، پاکستان ایک اچھی بیٹنگ پچ پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کے خلاف 200 رنز بھی نہیں بناسکا تھا اس لیے اب گرین شرٹس کو آسٹریلیا کے خلاف ہدف کے تعاقب کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ "بنگلور کے حالات بیٹنگ کے لیے بہترین ہوں گے اس لیے میرا خیال ہے کہ پاکستان کو پچ کی کنڈیشن ذہن میں رکھتے ہوئے اپنی بولنگ کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، 
اگر آپ کو ایک اسپیشلسٹ کے لیے کسی آل راؤنڈر کی قربانی دینے کی ضرورت ہے، تو یہ ضرور کرنا چاہیے‘‘۔ 
واضح رہے کہ پاکستان نے میگا ایونٹ کے دوران اب تک کھیلے گئے تین میچوں میں سے دو میں کامیابی حاصل کی ہے اور اسے
 واحد شکست ہفتے کے روز روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں ہوئی۔ 
کرکٹ ورلڈ کپ راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلا جارہا ہے جس میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف مجموعی طور پر 45 لیگ میچ کھیلیں گی۔ ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جو کہ 15 نومبر کو ممبئی اور 16 نومبر کو کولکتہ میں ہوں گے۔ سیمی فائنل اور فائنل کے لیے ریزرو دن ہوں گے۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے فاتحین کو 4 ملین امریکی ڈالر ملیں گے۔
رنرز اپ کو 2 ملین امریکی ڈالر ملیں گے، جبکہ سیمی فائنل میں ہارنے والی ٹیم کو 10 ملین امریکی ڈالر کی کُل انعامی رقم میں سے ہر ایک کو 800,000 ڈالر ملیں گے۔ گروپ مرحلے میں ہر میچ کی فاتح ٹیم کو 40,000 امریکی ڈالر ملیں گے اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کرنے والی چھ ٹیموں کو 100,000 امریکی ڈالر ادا کیے جائیں گے۔